
کشمیری بچوں پر تشدد انسانیت کے ضمیر پر سوالیہ نشان ہے: مشعال ملک
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیری بچوں پر تشدد انسانیت کے ضمیر پر ایک سوالیہ نشان ہیں۔
دنیا بھر میں جارحیت کا شکار معصوم بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ آج کا دن منانے کا مقصد جسمانی و دماغی تشدد کا شکار بچوں کی تکالیف کے متعلق آگاہی بڑھانا ہے، تین سال میں فلسطین میں 21 ہزار سے زائد بچے اسرائیلی تشدد سے شہید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان میں ایک ہزار سے زائد شیر خوار بچے شامل ہیں، جبکہ 44 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے، زخمی فلسطینی بچوں میں 21 ہزار تاحیات معذور کا شکار ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی بربریت کا سیکڑوں بچے نشانہ بن چکے، ایک لاکھ سے زائد بچے یتیم، ہزاروں زخمی ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، دنیا کی بڑی طاقتوں نے اسرائیلی و بھارتی بدمعاشی پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ عالمی طاقتوں کی خاموشی ظالم کی مدد کے مترادف ہے، کشمیری بچوں پر تشدد انسانیت کے ضمیر پر ایک سوالیہ نشان ہے، پیلٹ گنز سے بچوں کی بینائی نہیں چھینی گئی بلکہ ان کا خواب اور مستقبل بھی تاریک ہوگیا۔
31 مناظر