• جڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ، لاہور میں بھی بادل برسنے کا امکان

    راولپنڈی اور اسلام آباد میں اچانک موسم نے کروٹ لے لی، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، لاہور میں بھی آج اور کل وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
    بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آگئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نالہ لئی سمیت نشیبی علاقوں کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور بارش کے دوران نکاسی آب کے نظام کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب لاہور میں آج اور کل وقفے وقفے سے بادل برسنے کے امکانات ہیں، آج کم سے کم درجہ حرارت 24 اور زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہہ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، میانوالی، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں بارش کا امکان ہے۔

    موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم خشک، بالائی اضلاع میں شدید گرم رہے گا، جبکہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔

    25 مناظر