
توجہ دی جائے تو گلگت بلتستان سوئٹزر لینڈ بن سکتا ہے: خواجہ سعد رفیق
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ توجہ دی جائے تو گلگت بلتستان سوئٹزر لینڈ بن سکتا ہے۔
سکردو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت اور وزیر اعظم کی ہدایت پر گلگت بلتستان آیا ہوں، مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا، گلت بلتستان کے عوام نے خطے کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق میں تاریخی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس تاریخی کردار پر پاکستان گلگت بلتستان کی عوام کا مقروض ہے، بتایا گیا کہ گلگت میں پینے کا صاف پانی موجود نہیں، اگر بار بار نواز شریف کی حکومت نہ گرائی جاتی تو خطے کی صورتحال بہتر ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ توجہ دی جائے تو گلگت بلتستان سوئٹزر لینڈ بن سکتا ہے، ہم ملک میں تعمیر و ترقی کا جال بچھائیں گے، این ایف سی میں گلگت بلتستان کے عوام کو شیئر ملنا چاہیے، این ایف سی میں شیئر آنے پر پیسہ گلگت کے عوام کے ساتھ آزاد کشمیر کی عوام کو بھی ملے گا۔
سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی خدمت، تعمیرو ترقی اور معاشی استحکام کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، سکردو حلقہ نمبر 2 کو ماڈل حلقہ بنائیں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیات ملک کی ترقی کے لئے اقدامات کر رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کریں۔
22 مناظر