اسرائیل کی جانب سے لبنانی سرزمین میں مزید پیش قدمی اور فوجی کارروائیوں کے دائرہ کار میں اضافے پر دنیا بھر سے شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانویل میکروں نے کہا ہے کہ لبنان میں جاری بڑے پیمانے پر فوجی کشیدگی میں اضافے کا کوئی جواز نہیں جبکہ فرانس کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ فرانس نے اس معاملے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔
برطانیہ کی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے اسرائیل سے لبنان میں اپنی فوجی سرگرمیاں روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کشیدگی نے سفارتی کوششوں کی گنجائش کو مزید محدود کر دیا ہے۔
جرمنی کے وزیر خارجہ جوہان ونڈپال نے اسرائیلی پیش قدمی کو شدید تشویش کا باعث قرار دیا اور تمام فریقوں سے فوری طور پر لڑائی ختم کرنے کی اپیل کی۔
قطر نے لبنان پر اسرائیل کے مسلسل حملوں اور جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیوں کے پھیلاؤ کی مذمت کرتے ہوئے اسے سنگین اشتعال انگیزی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
مصر کے وزیر خارجہ نے لبنانی وزیر اعظم نواف سلام سے ٹیلیفونک گفتگو میں لبنان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے اسرائیل سے لبنانی سرزمین کے تمام علاقوں سے مکمل انخلا کا بھی مطالبہ کیا۔
