
عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی قربانی کا سلسلہ جاری
ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن بھی جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔
عید کے دوسرے روز آج بھی دعوتیں، بیٹھکیں، کھابے، ہلا گلہ اور سیرو تفریح چلتی رہے گی۔
کل کے میزبان آج مہمان بن کر دعوت اڑائیں گے، خواتین کچن کی ذمے داریاں سنبھالیں گی، گھروں میں بریانی، تکہ، بوٹی، سیخ کباب، ہنٹر بیف، مٹن سجی، قورمہ، کڑاھی، کوفتے سمیت روایتی اور غیر روایتی پکوان بنا کر مہمانوں سے تعریفیں سمیٹی جائیں گی۔
واضح رہے کہ عید الاضحیٰ کے پہلے روز فرزندانِ توحید کی بڑی تعداد نے سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کی، قربانی سے فارغ ہو کر شہری اپنے عزیز و اقارب اور غرباء میں گوشت تقسیم کرنے نکلے ہیں۔
ملک بھر میں بے شمار شہریوں نے بار بی کیو کا اہتمام کیا، خواتین کی جانب سے گھروں پر قربانی کے جانور کی کلیجی کے علاوہ مختلف چٹ پٹے پکوان بنائے گئے اور گھر والوں اور آنے والے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
دوسری جانب ماہرین صحت نے عیدِ قرباں پر مزے مزے کے کھانوں پر ہاتھ ذرا ہلکا رکھنے کو ترجیح دی ہے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ شوگر، بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دل کے مریض خصوصی احتیاط کریں، کلیجی، گردے، مغز اور پائے کھانے سے تھوڑا پرہیز کریں مزید برآں گھی، تیل اور تیز مسالوں سے ذرا فاصلہ رکھیں۔
25 مناظر