صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے۔
یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ 28 مئی 1998ء نے پاکستان کو سٹریٹیجک خودمختاری عطا کی، پاکستان نے ایٹمی پروگرام قومی سلامتی کے تقاضوں کے تحت شروع کیا تھا اور قوم اپنے سائنسدانوں اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود پاکستان نے قومی مفاد کا تحفظ کیا، پاکستان کی دفاعی حکمت عملی خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے، جدید جنگوں میں سائبر وار فیئر، اے آئی اور ڈرونز اہم کردار ادا کریں گے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمے دار اور امن پسند ایٹمی ریاست ہے اور پاکستان کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
