
پاکستان جلد خطے میں ترقی کے سفر میں چین کا ہم قدم ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پاکستان جلد خطے میں ترقی کے سفر میں چین کا ہم قدم ہوگا۔
پاک چین دوستی کے 75سال مکمل ہونے کی خوشی میں چین کے شہر ہانگژو میں پاک چین بزنس ٹو بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاک چین دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور اب آسمانوں کو چھو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوبصورت شہر ہانگژو صدر شی جن پنگ کے وژن کا نتیجہ ہے، صدر شی جن پنگ نے چین کو عالمی معاشی و عسکری طاقت بنایا، پاکستان جلد خطے میں ترقی کے سفر میں چین کا ہم قدم ہوگا، 30 فیصد ایم او یوز معاہدوں میں بدل چکے، جن کی مالیت اربوں ڈالر ہے
ان کا کہنا تھا پاکستان کی نوجوان آبادی کو آئی ٹی ٹریننگ اور عالمی سرٹیفکیشن دے رہےہیں، چین کے ساتھ تعاون کے چار شعبے زراعت، آئی ٹی، اکنامک زونز، مائنز اینڈ منرل اہم ہیں، ایم او یوز کو تیزی سے معاہدوں میں بدلنا وقت کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان میں معدینات کے بڑے ذخائر موجود ہیں، سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں آئیں اور سرمایہ کاری کریں، پاکستان کو قرضے نہیں، مہارت اور سرمایہ کاری چاہیے، زراعت میں پیدا وار بڑھانے کے لیے بیج، مشینری اور بہترین طریقے چاہئیں، دیہی علاقوں میں لاکھوں چھوٹے کاروبار پیدا کریں گے، ویلیو ایڈیشن کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا اکنامک زون میں ون ونڈو آپریشن اور ریڈ کارپیٹ ٹریٹمنٹ ملے گا، کراچی میں 6 ہزار ایکڑ پر ورلڈ کلاس اسپیشل اکنامک زون بنا رہے ہیں
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاک چائنہ بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹو بی کانفرنس کا انعقاد اہمیت کا حامل ہے، عالمی تجارت کے فروغ میں چین کا تعاون اہم ہے، کانفرنس میں پاکستان اور چین کی 500کمپنیاں شریک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ4 سال میں ہم نے معاشی استحکام حاصل کیا، معاشی تبدیلی اور صنعتی جدت کاری پر توجہ مرکوز ہے، چیلنجز کے باوجود معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے، پاکستان اصلاحات اورترقی کی راہ پرگامزن ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاک چین بی ٹوبی شراکت کا حجم 13 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، دونوں ممالک کے درمیان 300 ایم او یوز طے پا چکے ہیں، اقتصادی سفارتکاری کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون بنا دیا گیا، پاک چین دوستی عالمی تبدیلیوں اور علاقائی چیلنجز کی ہر آزمائش پر پوری اتری، آئی بی آئی پاکستان نے اسلام آباد میں ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز قائم کر لیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک 2 ڈیجیٹل شاہراہ ریشم بنے گا، پاکستان چین کے باہمی تعاون سے آپٹک فائبر اور اے آئی کے شعبوں میں ترقی ہوگی، وفاقی حکومت 99 فیصد ای آفس کے ساتھ پیپر لیس ہو چکی، کیش لیس معیشت کی طرف پیش قدمی جاری ہے۔
24 مناظر