• فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران انتہائی نتیجہ خیز رہا : آئی ایس پی آر

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایران کا مختصر اور انتہائی نتیجہ خیز سرکاری دورہ مکمل ہو گیا
    آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایران کے دورے میں ایرانی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں، ایرانی قیادت سے ملاقاتیں پاکستان کی جاری ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ثالثی کوششوں کا مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد تناؤ میں کمی اور تعمیری روابط کے فروغ کو یقینی بنانا ہے
    آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقاتیں کیں، فیلڈ مارشل نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ سکندر مومنی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

    مذاکرات میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کیلئے جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز رہی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں اور ثالثی عمل کو آگے بڑھانے میں موثر ثابت ہوئیں۔
    آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے تفصیلی مذاکرات کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایرانی قیادت نے مذاکرات میں سہولت کاری اور علاقائی مسائل کے پُرامن حل کے فروغ کیلئے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ایران پہنچنے پر ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے سینئر سول اور عسکری حکام کے ہمراہ فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔
    واضح رہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سرکاری دورہ ایران کے دوران ایرانی صدر، سپیکر پارلیمنٹ اور وزیر خارجہ سے تہران میں ملاقاتیں کیں اور امن عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے خصوصی ملاقات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کی، اس موقع پر سپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔

    چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے ایران کے چیف مذاکرات کار باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی اور ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔

    37 مناظر