امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستان ریلوے کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی یقین دہانی کرا دی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر سے ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات اور ریلوے تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں امریکا پاکستان ریلوے کے انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے عالمی شراکت داروں کیلئے ٹریک ایکسس پالیسی متعارف کرا رہا ہے انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو بھی شرکت کی دعوت دی۔
ملاقات میں پاکستان ریلوے میں لوکوموٹیوز، ویگنز، فریٹ آپریشنز اور ریلوے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی گئی، پاکستان ریلوے اور امریکی کمپنی ویب ٹیک کے درمیان دہائیوں پر محیط تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق بھی ہوا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے بیڑے میں شامل 254 امریکی ساختہ لوکوموٹیوز دوطرفہ تعاون کی روشن مثال ہیں، پاکستان وسطی ایشیائی ممالک سے ریلوے روابط بڑھانے کیلئے اہم علاقائی منصوبوں پر کام کر رہا ہے جبکہ ازبکستان، قازقستان، نوکنڈی اور گوادر تک ریلوے روابط خطے میں تجارت اور رابطہ کاری کو فروغ دیں گے۔
