• محسن نقوی کی امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات

    اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کے نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور پال کپور نے ملاقات کی۔
    ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی شریک تھے، جس میں پاک امریکہ تعلقات اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعاون پر مبنی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، جبکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کے جلد آغاز کے خواہاں ہیں۔

    محسن نقوی نے مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے پُرامن اور دیرپا حل کے لیے امید کا اظہار بھی کیا۔

    دوسری جانب امریکی نائب وزیر خارجہ پال کپور نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

    21 مناظر