ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی منظر نامے کیلئے تیار ہیں، ایران سے دشمنی کی جرات کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔
ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک طویل بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بربریت اور تسلط کو مسترد کرتی ہے تو ایران کے حق میں آواز بلند کرے، دنیا عملی اقدام کرے اس سے پہلے کہ جارح قوتیں دنیا کو لاقانونیت اور محکومیت کے گڑھے میں دھکیل دے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکا اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر جو جنگ مسلط کی یہ محض زمین یا وسائل کی خاطر نہیں، یہ جنگ اس وقت اور آنیوالے دور میں اچھائی، برائی کے معنی متعین کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پر سال میں دوسری بار حملہ کرنے والے ہر جنگی قانون کی خلاف ورزی پر خوشیاں مناتے ہیں، پرامن ایرانی قوم پر حملہ کرنے والے اپنے کھیل کیلئے لوگوں کو قتل کرتے ہیں، حملہ آور طاقتیں شہری مقامات، حتیٰ کہ خواتین کے سپورٹس ہالز پر بھی میزائل حملے کر کے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ دوسری جانب وہ ایرانی ہیں جو ہر حد تک جا کر بے گناہوں کی جانوں کو بچاتے ہیں، جنگ پیشہ ور جھوٹوں اور اپنے وطن کا دفاع کرنے والے فاخر لوگوں کے درمیان ہے، ایسے لمحے میں خاموشی بھی برائی کا ساتھ دینے کے مترادف ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی برکس سمٹ میں شرکت کے لیے بھارت جائیں گے۔
