
کراچی کو معصوم جانوں کو نفرت اور تشدد کی بھینٹ چڑھایا گیا، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر کراچی کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے میں معصوم جانوں کو نفرت اور تشدد کی بھینٹ چڑھایا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ 12 مئی کے شہدا کی قربانیاں آج بھی ایک دردناک مگر لازوال یادگار ہیں، یہ قربانیاں جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے ادا کی جانے والی قیمت کی یاد دلاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 12 مئی کو کراچی میں پیش آنے والا واقعہ صرف ایک سانحہ نہیں تھا بلکہ یہ عوام کے غیر متزلزل عزم اور جمہوری جدوجہد کی علامت بن گیا، جیالوں، سیاسی کارکنان اور کراچی کے عوام نے اس دن بے مثال جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کیا اور خوف و جبر کے خلاف مزاحمت کی ایک نئی مثال قائم کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر بہنے والا خون اس حقیقت کی گواہی دیتا ہے کہ عوام جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، قومیں اپنے زخم بھلا کر نہیں بلکہ انہیں سچائی اور وقار کے ساتھ یاد رکھ کر ہی شفا پاتی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی ایک پُرامن، جمہوری اور روادار پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، جہاں کسی شہری کی آواز تشدد کے ذریعے خاموش نہ کرائی جا سکے اور کوئی شہر خوف کے سائے میں یرغمال نہ ہو۔
34 مناظر