Site icon Meritnews

امریکہ، ایران مذاکرات آئندہ ہفتے اسلام آباد میں دوبارہ شروع ہوں گے: امریکی اخبار

امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے اسلام آباد میں دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ دونوں ممالک ثالثوں کے ذریعے ایک ایک صفحے پر مشتمل 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں، جس کے تحت ایک ماہ پر محیط مذاکراتی عمل شروع کیا جا سکتا ہے، اس عمل کا مقصد جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کا خاتمہ بتایا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ مسودے میں ایران کے جوہری پروگرام، آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے اعلیٰ سطح پر افزودہ یورینیم کے ذخائر کو کسی دوسرے ملک منتقل کرنے جیسے امور شامل ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کئی اہم معاملات اب بھی حل طلب ہیں، جن میں ایران پر عائد پابندیوں میں ممکنہ نرمی کی حد ایک بڑا اختلافی نکتہ بنی ہوئی ہے، جو مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق اگر ابتدائی مذاکرات میں پیشرفت ہوئی تو ایک ماہ کی مدت کو باہمی اتفاق سے مزید بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔

Exit mobile version