• پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر پراجیکٹ فریڈم مختصر مدت کیلئے روکنے پر اتفاق کر لیا، ٹرمپ کا اعلان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر ایران اور امریکہ نے پراجیکٹ فریڈم کو مختصر مدت کیلئے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
    ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف مہم میں حاصل ہونے والی غیر معمولی عسکری کامیابی اور ایران کے نمائندوں کے ساتھ حتمی معاہدے کی جانب پیشرفت کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ باہمی اتفاق سے یہ طے پایا ہے کہ اگرچہ ناکہ بندی مکمل طور پر برقرار رہے گی، تاہم پراجیکٹ فریڈم یعنی آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت کے منصوبے کو عارضی طور پر روک دیا جائے گا، اس وقفے کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا مجوزہ معاہدے کو حتمی شکل دے کر اس پر دستخط کیے جا سکتے ہیں یا نہیں۔

    پراجیکٹ فریڈم کیا ہے؟
    پراجیکٹ فریڈم کا بنیادی مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے عالمی تجارتی جہازوں اور عملے کو تحفظ فراہم کرنا ہے، امریکی صدر نے دھمکی دی تھی کہ اگر ایران نے اس منصوبے (امریکی جہازوں یا امدادی کارروائیوں) میں رکاوٹ ڈالی تو اسے شدید نتائج بھگتنے ہوں گے۔

    یاد رہے امریکہ نے اس منصوبے کے تحت آبنائے ہرمز میں موجود ایرانی “تیز رفتار کشتیوں” کو نشانہ بھی بنایا تھا، یہ منصوبہ ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کی نئی تجاویز کو مسترد کرنے کے بعد سامنے آیا۔

    38 مناظر