
ایران اور امریکہ کے درمیان سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خطے میں جنگ نہیں، سفارت کاری ہی امن کا واحد راستہ ہے، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے حل کے لیے سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں جنگ بندی کو نافذ کرنا آسان نہیں ہوتا، جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور اس میں توسیع کرنا سب فریقین کی ذمہ داری ہے، تنازع کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کا جاری رہنا انتہائی ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تیل کی سپلائی متاثر ہونے سے پوری دنیا مہنگائی کا شکار ہو رہی ہے، اسلام آباد تمام فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہے، پاکستان اعتماد سازی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، ایرانی عملے کی واپسی جیسے اقدامات مثبت سفارتی پیش رفت ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ حملے قابل مذمت ہیں، امن کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں، کسی بھی فریق کی جارحیت جنگ بندی کو کمزور کرتی ہے، ایران کے کچھ اقدامات خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بنے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکہ کی آپریشن فریڈم پالیسی ٹھیک نہیں، فوجی طاقت مسئلے کا حل نہیں، آبنائے ہرمز میں مزید عسکری سرگرمیوں سے صورتحال پیچیدہ ہو سکتی ہے، جلد ہی ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔
22 مناظر