Site icon Meritnews

معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جس میں پوری قوم نے مثالی اتحاد، جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا۔
معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ حکومت کے زیر اہتمام کراچی میں یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ قومی ترانہ بھی بجایا گیا، تقریب میں معرکہ حق کی کامیابی سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

چیئر مین پیپلز پارٹی نے معرکہ حق کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق کے دوران ہر پاکستانی نے اپنا کردار بھرپور انداز میں نبھایا، جبکہ پاکستانی قوم نے میدان جنگ میں دشمن کو شکست دی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتکاروں نے بھی سفارتی محاذ پر بھرپور انداز میں دشمن کا مقابلہ کیا اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم جھکنے والی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی قومی یکجہتی، قربانی اور مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

پاکستانی قوم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا: مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، جس کا پوری قوم اور مسلح افواج نے متحد ہو کر جواب دیا، چند گھنٹوں میں بھارت کو ایسا جواب ملا کہ اسے اپنی اصل حیثیت کا اندازہ ہو گیا، پوری قوم اس وقت متحد تھی اور حالات کا بھرپور مقابلہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک آپریشن شروع کیا اور اس کا الزام پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی، جبکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں بھارت نے فوجی کارروائی کی، لیکن پاکستانی افواج نے مؤثر جواب دیتے ہوئے دشمن کے کئی طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے۔ یہ طیارے بھارت کے لیے فخر سمجھے جاتے تھے، لیکن اصل اہمیت ان کے پائلٹس کی صلاحیت کی ہوتی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دیہات کے علاقوں میں بھی لوگ دشمن کے ڈرونز کو ناکام بنا رہے تھے، جبکہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی تیاری زیادہ مؤثر ثابت ہوئی، بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈہ کیا اور یہ تاثر دیا کہ کراچی پورٹ کو نشانہ بنایا گیا، جو درست نہیں تھا، جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا،

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ 1947 سے جاری ہے، اور پاکستان نے ہمیشہ دفاعی حکمت عملی اختیار کی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل پروگرام کو آگے بڑھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی حیثیت منوائی ہے اور دنیا میں ایک مضبوط ملک کے طور پر ابھرا ہے، پاکستان نے مختلف عالمی معاملات میں بھی اہم کردار ادا کیا، اور بعض مواقع پر امریکا اور ایران کو بھی ایک میز پر لانے میں مدد دی۔

پاک فوج نے ثابت کیا پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے: شرجیل انعام میمن

تقریب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، یہ دن پوری قوم کے لیے عید سے کم نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور کوئی بھی اسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاک فوج نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک طاقتور ریاست ہے۔

سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی، بلاول بھٹو نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور معرکہ حق کی کامیابی قوم کے لیے خوشی کا دن ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ معرکہ حق کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا، بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے دورے کے دوران کشمیر کے مسئلے کو مؤثر انداز میں اٹھایا اور عالمی برادری کو حقائق سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی حکمران جماعت نے بلاول بھٹو زرداری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کے خلاف بیانات دیے اور غیر معمولی سیاسی تنقید کی، بھارتی میڈیا نے اس دوران منفی اور غلط رپورٹنگ کی جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کیا۔

مزید برآں، انہوں نے کہا کہ بھارت کے بعض چینلز پر یہ تاثر دیا جاتا رہا کہ لاہور اور کراچی کو نقصان پہنچا ہے، جو سراسر غلط اور بے بنیاد تھا، حقیقت یہ ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا واضح ثبوت دیا۔

Exit mobile version