Site icon Meritnews

پاکستان مرکزی ثالث، مذاکرات میں پیشرفت امریکی رویے میں تبدیلی سے مشروط ہے:ڈاکٹر رضا امیری مقدم

پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ ایران نے پاکستان کے ذریعے نیا مذاکراتی منصوبہ امریکہ تک پہنچا دیا ہے، مذاکرات میں پیشرفت کا دارومدار امریکی رویے پر ہے۔
ایرانی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں پیشرفت امریکی رویے کی تبدیلی سے مشروط ہے، ایران اپنے مؤقف اور مطالبات میں شفاف ہے، اگر امریکہ سنجیدہ ہے تو اسے اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایران قومی مفادات اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، جنگ کے خاتمے کے لیے نیا مذاکراتی منصوبہ پاکستان کے ذریعے امریکہ تک پہنچا دیا گیا ہے، موجودہ عمل میں پاکستان مرکزی ثالث ہے اور اس کی کوششیں قابلِ قدر ہیں، پاکستان بدستور ثالث ہے، اس میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ عالمی برادری ایران کا واضح اور منطقی مؤقف دیکھ رہی ہے، امریکہ کا رویہ غیرمستحکم ہے، ایران سفارتکاری کے راستے پر قائم ہے مگر پیشرفت کا دارومدار امریکہ پر ہے، امریکہ کو جارحانہ رویہ ترک کرکے ایران کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا۔

رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی روابط میں اضافہ جاری ہے، پاکستان خطے میں تجارتی راستوں کے تنوع اور ایران کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے، میرجاوہ، تفتان اور گبد ریمدان بارڈر کراسنگ پاک ایران تجارت کے لیے اہم ہیں۔

خیال رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے 14 نکاتی تجاویز مل چکی ہیں جن کے متعلق انتظامیہ تفصیلی بات کرے گا تاہم ایران پر حملہ بھی خارج از امکان نہیں۔

دوسری طرف اسرائیلی ٹی وی 12 نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر اور سینٹکام کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر میں ان دنوں روابط میں تیزی آئی ہے اور ایران کے خلاف ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

Exit mobile version