
پاکستان اور چین کے درمیان 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔
چین کے صوبے ہونان کے شہر چانگشا میں ایم او یوز پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب میں شرکت کی۔
سمندری پانی قابلِ استعمال بنانے، زرعی ٹیکنالوجی اور چائے کے شعبے میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط گئے۔
پہلی مفاہمتی یادداشت محکمہ بلدیات سندھ اور لوشیئن انوائرمنٹل ٹیکنالوجی گروپ کے درمیان طے پائی، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن اور لوشیئن انوائرمنٹل ٹیکنالوجی گروپ کی پارٹی برانچ کے سیکرٹری اور چیئرمین یوہوئی نے دستخط کئے۔
شہر کو پانی کی فراہمی میں اضافے کیلئے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبے پر تعاون کیا جائے گا۔
دوسرا سمجھوتہ محکمہ بلدیات سندھ اور لانگ پن ہائی ٹیک انفارمیشن کمپنی کے درمیان زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون کیلئے طے پایا، سمجھوتے پر سندھ کے سنیئر وزیر شرجیل انعام میمن اور چینی کمپنی کی جانب سے چیئرمین چن ژی شین نے دستخط کئے۔
تیسری یادداشت چائے کے شعبے سے متعلق ہے، مسکے اینڈ فیمٹی ٹریڈنگ کمپنی، ہونان ٹی گروپ اور جیالونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی (ہینان) کے درمیان طے پائی، پاکستان کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایم او یو پردستخط کئے۔
ہونان ٹی گروپ کے پارٹی سیکرٹری و چیئرمین ژو چونگ وانگ اور ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹریڈٹیکنالوجی کے چیئرمین ہاؤ جیاولونگ نے دستخط کئے۔
چائے کی صنعت کی ترقی میں معاونت اور اقتصادی، تجارتی و عوامی روابط کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔
مفاہمتی یادداشتیں اہم شعبوں میں عملی تعاون کے فروغ کی مربوط کوشش کی عکاسی کرتی ہیں، سمجھوتوں کا مقصد صنعت کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
18 مناظر