
ضلع کرم میں طویل عرصے سے غیر فعال پاڑہ چنار ایئرپورٹ دوبارہ آپریشنل
پاک فوج، فرنٹیئر ورکس اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے طویل عرصے سے غیر فعال خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاڑہ چنار ایئرپورٹ کو دوبارہ فعال اور آپریشننل کر دیا ہے۔
ایف ڈبلیو او کی جانب سے ایئرپورٹ کی اپگریڈیشن کے بعد پاک آرمی ایوی ایشن کی جانب سے آپریشنل لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
خیبر پختونخوا کے علاقے پاڑہ چنار میں واقع ایئرپورٹ جو طویل عرصے سے غیر فعال تھا، اب فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی جانب سے کی گئی اپگریڈیشن کے بعد دوبارہ فعالیت کے مراحل میں داخل ہو چکا ہے، پاڑہ چنار ایئر پورٹ کی تعمیر و مرمت علاقے میں ایئر ٹرانسپورٹ کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
پاک آرمی ایوی ایشن کے جانب سے تعمیراتی و اپگریڈیشن ورک کے معیار، رن وے کی فعالیت اور مجموعی آپریشنل تیاریوں کو جانچنے کے لیے ٹرائلز کیے گئے، پاک آرمی ایوی ایشن نے مجموعی طور پر 6 کامیاب لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز مکمل کیے۔
ٹرائلز کے نتیجے میں ائیر پورٹ رن ویز کو پیشہ ورانہ معیار اور اعلیٰ سیفٹی اسٹینڈرڈز کے مطابق قرار دیا گیا، ٹرائلز کے دوران مختلف آپریشنل سیناریوز میں ائیر پورٹ اور رن ویز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ان کامیاب ٹرائلز کے بعد پاڑہ چنار ایئرپورٹ کی آپریشنل فعالیت مزید مستحکم ہوگی، جس سے علاقائی رابطوں، ہنگامی رسپانس اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
27 مناظر