
اسرائیل اپنا رخ بدلنے کیلئے تیار، نیتن یاہو کو ہٹانے کیلئے 2 سابق وزرائے اعظم کا اتحاد قائم
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو ہٹانے کیلئے صیہونی ریاست کے 2 سابق وزرائے اعظم نفتالی بینیٹ اور یائیر لیپڈ نے انتخابی اتحاد کا اعلان کر دیا۔
اسرائیل میں آئندہ انتخابات سے قبل وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف سیاسی محاذ بندی تیز ہو گئی ہے، دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے نفتالی بینٹ اور وسطی دھڑے کے رہنما یائر لیپڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی جماعتوں کو ضم کر کے ٹوگیدر کے نام سے نئی سیاسی جماعت قائم کریں گے۔
مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں، 30 سال کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ نیتن یاہو سے علیحدگی اختیار کی جائے، اسرائیل کو اپنا رخ بدلنا ہوگا۔
خیال رہے کہ نیتن یاہو اسرائیل کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے وزیراعظم ہیں، ان کے حالیہ دورِ اقتدار میں غزہ میں جنگ، لبنان کے جنوبی علاقوں میں کارروائیاں اور ایران کے ساتھ کشیدگی جیسے عوامل نمایاں رہے ہیں۔
رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق، سکیورٹی کے حوالے سے ان کی ساکھ متاثر ہونے کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اکتوبر کے اختتام تک متوقع آئندہ انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
24 مناظر