• ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور جمعہ کو ہوسکتا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور جمعہ کو ہوسکتا ہے۔
    امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فوج کو ہدایت دی ہے کہ ناکہ بندی جاری رکھی جائے اور ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق جنگ بندی کو اس وقت تک بڑھایا جا رہا ہے جب تک ایران اپنی تجاویز پیش نہیں کر دیتا۔

    انہوں نے اس پیش رفت کو ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ ممکنہ طور پر جمعہ کو ہو سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران کے خلاف حملہ فی الحال مؤخر کیا جا رہا ہے تاکہ ایرانی قیادت اور نمائندے متفقہ تجویز پیش کر سکیں۔
    صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی میں اس وقت تک توسیع برقرار رہے گی جب تک ایران کی جانب سے تجویز پیش نہیں کی جاتی اور مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ جاتے، امریکی فوج کو ہدایت دی ہے کہ ایران کے خلاف ناکہ بندی جاری رکھی جائے اور دیگر تمام معاملات میں مکمل طور پر تیار رہا جائے۔

    اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی حکومت اندرونی طور پر شدید تقسیم کا شکار ہے جو کہ غیر متوقع نہیں۔

    دوسری جانب سپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف کے مشیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ بندی میں توسیع کرنے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

    اپنے بیان میں مشیر سپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے کہا کہ ہارنے والا فریق شرائط کا حکم نہیں دے سکتا، ناکہ بندی کا تسلسل بمباری سے مختلف نہیں اور اس کا جواب فوجی ردعمل کے ساتھ ہونا چاہیے۔

    باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا جنگ بندی میں توسیع کا اعلان سرپرائز حملے کیلئے وقت لینا ہے، ایران کو ضروری اقدامات کرنے چاہئیں، وقت آ گیا ہے کہ ایران خود پہل کرے اور اپنی حکمت عملی کو آگے بڑھائے۔

    ایران کی جانب سے یہ اہم بیان ایک ایسے وقت میں جاری ہوا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔

    33 مناظر