Site icon Meritnews

ایرانی افواج کی امریکی حملوں پر طے شدہ اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی

ایران کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے کوئی نیا حملہ کیا گیا تو وہ پہلے سے طے شدہ اہداف کو فوری طور پر نشانہ بنائیں گی۔
یہ انتباہ ایرانی فوج کے مرکزی کمانڈ خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز نے امریکی صدر ٹرمپ اور امریکی فوجی قیادت کی جانب سے بار بار دھمکیوں کے بعد سامنے آیا۔

ترجمان کے مطابق ایرانی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور سو فیصد تیاری کی حالت میں ہیں اور ہر وقت کارروائی کے لیے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو ایرانی فورسز فوری اور بھرپور انداز میں پہلے سے مقرر کردہ اہداف کو نشانہ بنائیں گی

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ پاکستان کے حکام کی درخواست پر ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کر دی گئی ہے جبکہ ایران کی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی بھی برقرار رکھی جائے گی۔

ایران کی ممکنہ حملوں کیلئے زمین یا تنصیبات کی فراہمی پر خلیجی ممالک کو سنگین نتائج کی دھمکی

دوسری جانب ایران کی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی حملے کیلئے خطے کے ہمسایہ ممالک کی سر زمین یا تنصیبات استعمال کی گئیں تو مشرق وسطیٰ میں تیل کی پیداوار کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آئی آر جی سی کے ایرو اسپیس کمانڈر میجر جنرل مجید موسوی نے ایرانی ذرائع ابلاغ کو جاری بیان میں کہا کہ ایران کے جنوبی ہمسایہ ممالک کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ اگر ان کی زمین یا سہولیات کو ایران کے خلاف جارحیت کیلئے استعمال کیا گیا تو انہیں مشرق وسطیٰ میں تیل کی پیداوار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ کسی بھی مرحلے پر دشمن نے معمولی سی بھی غلطی کی اور ایران پر حملہ کیا تو جہاں بھی ایرانی عوام کہیں گے، وہی ہماری کارروائی کا ہدف ہوگا۔

ایرانی عہدیدار کے اس بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Exit mobile version