
حج فلائٹ آپریشن میں تیزی، مزید 3510 عازمین آج سعودی عرب روانہ ہوں گے
ملک بھر سے جاری حج 2026 کے فضائی آپریشن میں تیزی آ گئی ہے اور سرکاری عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 21 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 250 سرکاری عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق آج (منگل) کے روز مزید 13 حج پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 510 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے، اسلام آباد سے 4 پروازیں، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے 2، 2 پروازیں روانہ کی جائیں گی، اس کے علاوہ سیالکوٹ سے ایک حج پرواز بھی عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری عازمین حج کے فضائی آپریشن میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ساتھ سعودی ایئرلائن، ایئر بلیو اور ایئر سیال بھی حصہ لے رہی ہیں تاکہ عازمین کو بروقت اور سہولت کے ساتھ سعودی عرب پہنچایا جا سکے۔
ملک بھر میں قائم 10 حاجی کیمپوں کے ذریعے عازمین حج کی مرحلہ وار تربیت، سفری دستاویزات کی فراہمی اور ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے، حکام کے مطابق تمام انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
عازمین حج کی رہنمائی اور معاونت کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر وزارت مذہبی امور کا عملہ 24 گھنٹے تعینات ہے، جو حاجیوں کو سفری مراحل میں مکمل سہولت فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق حج فلائٹ آپریشن 31 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید ہزاروں عازمین حج مقدس سرزمین روانہ ہوں گے۔
14 مناظر