
اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.5 ریکارڈ
اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ہفتہ کے روز اسلام آباد، پشاور، سوات اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 199 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا علاقہ تھا، جہاں سے اس کے اثرات شمالی پاکستان کے مختلف علاقوں تک محسوس کیے گئے۔
دوسری جانب ترجمان ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بلال احمد فیضی کے مطابق ریسکیو کنٹرول روم کو اب تک کسی بھی قسم کی ایمرجنسی یا نقصان سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
22 مناظر