• 2026-27 کا بجٹ نوجوانوں اور غریب و متوسط طبقے کا بجٹ ہوگا: سہیل آفریدی

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ سال 2026-27 کا بجٹ نوجوانوں اور غریب و متوسط طبقے کا بجٹ ہوگا۔
    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں محکمہ ایکسائز، بلدیات، کلائمیٹ چینج، خوراک، ہاؤسنگ، داخلہ، زراعت، لائیو اسٹاک اور توانائی کے نئے ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے پشاور سے غلہ گودام کی منتقلی کیلئے متبادل جدید گودام قائم کرنے کی ہدایت کی ہے، اگلے ترقیاتی پروگرام کیلئے اہم منصوبوں میں کوہاٹ، مردان، پشاور اور ضم اضلاع کو سیف سٹیز بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

    اجلاس میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں غلہ ذخیرہ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حامل گوداموں، جیلوں کو محفوظ بنانے، تھانوں کی مضبوطی، سپیشل برانچ کو جدید گیجٹس اور سی ٹی ڈی ڈسٹرکٹ سیٹ اپ کے قیام کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں مختلف اضلاع میں 8 ایکسائز تھانوں کے قیام لیے زمین کی خریداری کی سکیم، ضم اضلاع میں منی سولر گرڈ، تیراہ میں مائیکرو ہائیڈرو پاور سٹیشنوں کی بحالی اور نئے فیڈرز کیلئے سکیمیں بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

    اجلاس میں 22 میگا واٹ پاتراک شرینگل ہائیڈرو پاور سٹیشن کے قیام کیلئے منصوبہ شامل کرنے پر غور کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلی نے ضم اضلاع میں تمام سرکاری دفاتر کی شمسی توانائی پر منتقلی کرنے کے لیے منصوبہ شامل کرنے، نوجوانوں کو جدید سکلز اور ٹریننگ کی فراہمی، ای کامرس کے فروغ کے لیے ترقیاتی سکیم تجویز کرنے اور ضم اضلاع میں تین سمال انڈسٹریل سٹیٹس، ہنر مند نوجوانوں کیلئے مالی معاونت اور آسان کاروباری یونٹس کے قیام کی ہدایت دی ہے۔

    سہیل آفریدی نے جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لیے تین سالہ پلان طلب کرتے ہوئے جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لیے خصوصی سکیم تجویز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

    سہیل آفریدی نے جانوروں کی بیماریوں کی رئیل ٹائم سرویلنس، بائیو گیس منصوبوں اور باغبانی کیلئے بلاسود قرضوں کی سکیم تجویز کرنے اور اینیمل رائٹس پالیسی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعلی کا ضم اضلاع میں گھروں کی سولرائزیشن منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر ڈالنے اور منی مائیکرو ہائیڈرو پاور کے ممکنہ منصوبوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

    20 مناظر