
محسن نقوی کی چینی سفارتخانہ آمد، سرمایہ کاری، سکیورٹی امور پر گفتگو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا، جہاں چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیرداخلہ کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات ہوئی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعاون، چینی سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی اور سکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چینی بزنس مینوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لیے جلد اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں شرکت کے لیے چینی قونصل جنرل اور کراچی میں موجود چینی بزنس کمیونٹی کو دعوت دی گئی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت ہر سطح پر انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان میں زیادہ سے زیادہ چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور بزنس فرینڈلی ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے پاک چین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں وزیرداخلہ کے کردار کو سراہا اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
28 مناظر