Site icon Meritnews

امریکی اسرائیلی تنصیبات نشانہ، 8 طیارے تباہ کر دیئے: ایران

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 95ویں لہر کے تحت کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، ٹرمپ نے ایران پر قیامت ڈھانے کی دھمکی دے دی جسے ایرانی پاسداران انقلاب نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کے لیے پورا خطہ جہنم بنا دیں گے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ کارروائی یا حسن ابنِ علی کے کوڈ کے تحت انجام دی گئی، کارروائی میں قاسم، خیبر شکن اور غدیر میزائل استعمال کیے گئے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس کارروائی میں جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں امریکی فوجی تنصیبات، اسرائیل سے وابستہ ایک تجارتی جہاز اور اسرائیل کے کئی علاقے شامل تھے، جن پر مختلف میزائل نظام استعمال کیے گئے۔
ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر جارحیت جاری رہی یا جنگ میں مزید شدت آئی تو پورے خطے کو امریکا اور اسرائیل کیلئے جہنم بنا دیں گے۔

ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ مزید جارحیت کا جواب پورے خطے میں شدید رد عمل کی صورت میں دیا جائے گا، ایران کو شکست دینے کا تصور اب ایک دلدل میں بدل چکا ہے، جس میں مخالفین خود دھنس جائیں گے۔

دوسری جانب خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی نے بھی سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جارحیت کی صورت میں امریکا اور اسرائیل کیلئے جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہنم کی آگ نازل ہونے سے پہلے ایران کے پاس 48 گھنٹے ہیں، میں نے ایران کو معاہدہ کرنے ،آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے دس دن کا وقت دیا تھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ وقت ختم ہو رہا ہے، 48 گھنٹے باقی ہیں، معاہدہ نہ کیا تو ایران پر جہنم کی آگ برسا دیں گے، ایف 16 طیارے کے نقصان سے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
مشرق وسطیٰ جنگ میں ایران کی جانب سے امریکہ کو سخت جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے اور امریکی فوج کو اب تک کا سب سے بڑا دھچکا لگاہے، ایک دن میں امریکا کے 8طیارے تباہ ہوئے یا انہیں ناقابل تلافی نقصان پہنچا تاہم امریکا نے دو لڑاکا طیارے تباہ ہونے کی تصدیق کردی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے اے 15 طیارے کو ایرانی حدود میں مار گرایا ، ریسکیو مشن پر آنے والا اے10 طیارہ بھی ایرانی دفاعی نظام کا نشانہ بنا، ایک اور اےٹین طیارہ کویت میں کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوگیا ، کویت میں ہوائی اڈے پر کھڑا چنوک ہیلی کاپٹر بھی ڈرون حملے میں تباہ ہوا، دو ہیلی کاپٹر ایران میں ریسکیو مشن کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنے، ایک امریکی ایف سولہ طیارے نے عراق میں اور کے سی ون تھرٹی فائیو ٹینکر طیارے نے اسرائیل میں ہنگامی لینڈنگ کی۔

ایرانی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے طیاروں کا مقابلہ کرنے کیلئے نیا دفاعی نظام نصب کردیا،امریکی طیاروں کو گرانے کیلئے نئے دفاعی نظام کا استعمال کیا،ہم اپنی فضائی حدود کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر تہران پر حملوں کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تہران پر بڑے حملے میں کئی ایرانی فوجی رہنما مارے گئے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان تمام ایرانی فوجی رہنماؤں کو ختم کر دیا گیا جن کا رویہ غیر محتاط تھا، تہران میں فضائی حملوں کے دوران فوجی رہنماؤں کو ختم کیا گیا۔
امریکا اور اسرائیل نے بوشہر ایٹمی پلانٹ کے قریب ایک اور حملہ کیا جس کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ شہید ہوگیا، صوبہ خوزستان کے شہر ماہشہر میں بھی 6 پیٹرو کیمیکل پلانٹس پر میزائل برسا دیے گئے جہاں 5 افراد شہید ہوگئے اور کئی صنعتی یونٹس کو نقصان پہنچا، اسرائیل نے بیلسٹک میزائل ذخیرے کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا۔

تہران اور قم سمیت مختلف شہروں میں دھماکے سنے گئے، اصفہان میں ہلال احمر کا کارکن شہید ہوگیا جبکہ البرز صوبے کے پل پر حملے میں شہدا کی تعداد 13 ہوگئی، اسرائیلی و امریکی حملوں سے ایران میں اب تک پچپن لائبریریز کو بھی نقصان پہنچا۔

Exit mobile version