وزیراعظم عمران خان نے کسان پورٹل کا افتتاح کر دیا
وزیراعظم عمران خان نے کسان پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کی مدد سے اللہ خوش ہوتا ہے، چھوٹا کسان خوشحال ہوگا تو پیسہ بیرون ملک نہیں لے جائے گا، وہ لندن میں فلیٹ نہیں لے گا۔
اسلام آباد میں کسان پورٹل کے اجرا کی تقریب سے وزیرا عظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں اکثریت چھوٹے کسانوں کی ہے، محنت کش اور مزدور کی آواز ظالم اور طاقتور کے سامنے دب جاتی ہے، ہماری پارٹی نے ہمیشہ انصاف کیلئے تحریک چلائی، ہماری کوشش تھی چھوٹے طبقے کو انصاف فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چھوٹے کسان کی مدد کرنا میرا وژن ہے، کسان کو فصل کی پوری قیمت وصول کرانا میرا عزم تھا، کسان کارڈ سے چھوٹے کسان کی براہ راست مدد ہوگی، کسانوں کو گنے کی قیمت کم ملتی تھی، شوگر ملز والے کسانوں کو انتظار کرواتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 50 سال بعد بڑے ڈیمز بنا رہے ہیں، ڈیمز بننے سے سیلاب کی تباہی بھی روک سکتے ہیں۔
قبل ازیں معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ کسانوں کیلئے آج تاریخی دن ہے، حکومت کاشتکاروں کو سہولیات پہنچانے کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے، کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے، کاشتکاروں کو پیداوار کا اچھا معاوضہ دیا جا رہا ہے۔