آزاد کشمیر میں ایک اور کامیابی پر تمام کارکنوں کو مبارک ہو: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر ضمنی الیکشن میں پارٹی امیدوار کی کامیابی پر تمام کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک اور کامیابی پر تمام کارکنوں کو مبارک ہو۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کے ضمنی الیکشن پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کو ضمنی انتخاب میں ایک اور شکست دی، کراچی سے کشمیر تک جئے بھٹو بے نظیر۔
یاد رہے آزاد کشمیر اسمبلی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوا، تحریک انصاف نے اپنی خالی نشست جیت لی جبکہ دوسری نشست پر پیپلز پارٹی کو برتری حاصل ہے۔ یاسر سلطان 20 ہزار 142 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، ن لیگ کے چودھری سعید 11 ہزار 608 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، کامیابی حاصل کرنے والے یاسر سلطان صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کے بیٹے ہیں۔
کوٹلی کے حلقہ ایل اے بارہ چڑھوئی میں ایک سو ستانوے پولنگ اسٹیشنز میں سے ایک سو چھیانوے کا رزلٹ آگیا، پیپلز پارٹی کے عامر یاسین 24 ہزار 335 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ پی ٹی آئی کے شوکت فرید 18 ہزار 858 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ ایک پولنگ اسٹیشن کا رزلٹ کارکنوں میں تصادم کے باعث روک لیا گیا۔