ملک میں ہر الیکشن متنازعہ، ای وی ایم پاکستان کے سارے مسائل حل کر دیگی: وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک میں ہر الیکشن متنازعہ ہو جاتا ہے، کسی نے نہیں بتایا کہ ان متنازعہ انتخابات کو کیسے ٹھیک کرنا ہے، جو ہارتا ہے وہ کہتا ہے دھاندلی ہوئی، ای وی ایم پاکستان کے سارے مسائل حل کر دے گی۔
اسلام آباد میں پرفارمنس ایگریمنٹ پر دستخط کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے ای وی ایم کو مسترد کر رہے ہیں، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے چند افراد شفاف انتخابات کیلئے رکاوٹ ہیں، اگلے 2 سال ہماری حکومت کیلئے بہت مشکل ہیں، الیکشن ترقیاتی فنڈز نہیں، حکومتی کارکردگی سے جیتیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کیلئے بہت ضروری ہے کہ آخری 2 سال ٹارگٹ سیٹ کریں، حکومت میں ہوتے ہوئے ضروری ہے اپنی کارکردگی کا جائزہ لیں، کرکٹ ٹیم میں 2 طرح کے کھلاڑی دیکھے، ایک باصلاحیت کھلاڑی ہوتے تھے، دوسری قسم ایسے کھلاڑیوں کی تھی جو انتھک محنت کرتے تھے، مسلسل جدوجہد کرنیوالا ہی زندگی میں کامیاب ہوتا ہے، زندگی میں جیت ہو یا ہار، اپنی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہنا چاہیئے، یقین ہے وزراء اپنے اہداف حاصل کرلیں گے۔