سیاست اور جلیبی
تحریر:سلمان احمد قریشی
پاکستان میں سیاست اور جلیبی دونوں ہی من پسند ہیں۔ اس گہری دلچسپی کے باوجود عملی سیاست میں عام آدمی کا کردار نمائشی ہے اور جلیبی دسترس سے باہر ہے لیکن ہم سیاست پر بات کرنا اور جلیبی کھانا پسند کرتے ہیں۔ علومِ سیاسیات کے مطابق سیاست عوام کو طاقت بخشتی ہے اور اسطرح جلیبی خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ مفید بھی ہے۔
کیا آپ نے جلیبی کے لفظ پر غور کیا ہے۔۔۔۔؟ اس کے ذائقے سے واقف افراد جلیبی کے لفظ کو بھی دُنیا کا خوبصورت ترین لفظ قرار دیتے ہیں۔جیسا کہ آپ جانتے ہیں، جلیبی پاکستان میں قومی و ثقافتی تہواروں کا اہم حصہ ہوتی ہے اور ایسا کوئی تہوار نہیں جو جلیبی کے بغیر مکمل سمجھا جائے۔ یہ ایک ایسی مٹھائی ہے جو زیادہ تر اسپرنگ کی مانند ہوتی ہے جس کے اندر چینی سے بنایا گیا شیرہ بھرا ہوا ہوتا ہے اور یہ کھانے میں بے حد لذیذ ہوتی ہے۔ اسی طرح سیاست سیدھی سیدھی عوامی خدمت ہے جلیبی کی طرح سیدھی بھی ہے۔وطنِ عزیز میں ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والا فرد سیاست سے جُڑا ہے اور جلیبی کھانے کا ذوق و شوق بھی رکھتا ہے۔ اب معاملہ سماجی حیثیت کا ہے کہ کون کون سیاست میں موزوں ہو سکتا ہے اور کس کے حالات جلیبی کھانے کی اجازت دیتے ہیں یہ الگ بحث ہے۔ ایک بات ثابت شدہ ہے سیاست اور جلیبی دونوں کی ظاہری صورت ایک جیسی ہے۔
قارئین کرام! سیاست اور جلیبی پر لکھتے وقت ایک خبر کا تذکرہ بھی کرتے چلیں سالِ رواں کے آغاز پر بھارت کی ریاست ہریانہ میں توہانہ کے مشہور ”جلیبی والا بابا“ کو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ سزا جلیبی بابا عرف امر پُوری کو ہریانہ میں فتح آباد کی فاسٹ ٹریک عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے سنائی ہے۔ اس سے پہلے پانچ جنوری کو بابا کو مجرم قرار دیا گیا تھا جب جلیبی بابا پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عدالت میں ثابت ہو گئے۔ بابا پر خواتین کو قابلِ اعتراض بنا کر بلیک میل کرنے کا الزام ہے۔ خواتین جلیبی بابا پر اعتماد کر کے مسائل کے حل کے لیے آئیں لیکن باباجلیبی جیسا سیدھا نکلا۔ خواتین کو جنسی تسکین کے لیے شکار بناتا رہا۔ جلیبی بابا کی باتوں کی مھٹاس زندگیوں میں رنگ گھولتی رہی۔ ایسے ہی کچھ سیاست میں بھی ہوتا ہے۔ انتخابی میدان کے سجتے ہی روایتی سیاستدان خوبصورت انداز اور شریں زبان سے عوام کو مخاطب کرتے ہیں بعد ازاں سب کچھ بدل جاتا ہے۔ اب مٹھاس صرف عام آدمی کے لہجہ میں ہوتی ہے اور بااثر طاقتور سیاسی شخصیت فرعون کے لہجہ کا انتخاب کرتے ہے۔ جب اس صورتحال کا سامنے کرنا پڑتا ہے تو اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے اگر ہم وقت پر حقیقت جان سکتے تو خود اپنے ہاتھ سے اپنی ذلت کا ساماں نہ بناتے۔ سسٹم ہی کچھ ایسا ہے جلیبی کی طرح میٹھا اور سیدھا نہ چھوڑ سکتے ہیں نہ مستفید ہوتے ہیں۔خواہشات کو لیکر جلیبی کی طرح سیدھے سیاسی راستوں پر رواں دواں ہیں۔ آئینِ پاکستان کی گولڈن جوبلی ایک ایسے وقت میں منائی گئی جب ملک اقتصادی، اخلاقی اور سیاسی بحران کا شکار ہے۔ صوبہ پنجاب اور کے پی کے اسمبلی کا وجود نہیں، وفاق میں اپوزیشن بھی اسمبلی میں موجود نہیں۔ کسی بھی ایوان کی مدت پوری ہونے یا تحلیل ہونے کے نوے دن کے اندر انتخاب کا انعقاد آئینی تقاضا ہے لیکن ستم ظرفی وطنِ عزیز کی جلیبی سیاست سیاستدان الیکشن پر تیار ہی نہیں ہوئے۔ معاملہ عدالت پہنچا، عدالت کے پاس آئین کی تشریح اور قانونی رہنمائی کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہوتا عدالتی حکم کے باوجود شہباز شریف کی حکومت انتخابات کے لییرضا مند نہ ہوئی۔ ایک ساتھ قومی و صوبائی انتخاب کی دلیل غیر مناسب نہیں اس پر عمل کرنے کا بھی ایک ہی طریقہ تھا کہ قومی اسمبلی کے ساتھ سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں ختم کر کے عوامی عدالت میں پیش ہوتے ایسا نہیں ہوا، کیونکہ ہماری سیاست جلیبی کی طرح سیدھی ہے۔ محبوب علیل رہنما نواز شریف پاکستان میں نہیں، جب وہ تندرست اور سیاست کے اہل ہونگے انتخاب بھی ہو جائیں گے۔ مریم نواز کی یہ خواہش اور بیانیہ ہی آئین کا تقاضا ہے باقی سب فالتو کی باتیں ہیں۔ پی پی پی انتخابات وقت پر چاہتی ہے لیکن شہباز شریف کی حکومت کی اتحادی ہے۔
عمران خان کی خواہش ہے کل کا سورج نکلے تو وہ وزراتِ عظمٰی کی کرسی پر تشریف فرما ہوں، فضل الرحمن کو عمران خان نے بہت غلط انداز سے مخاطب کیا اس لیے اب عمران خان سے مذاکرات ممکن نہیں۔ ملک میں صرف ایک ہی سوچ ہے اگر عمران خان کے ساتھ ہیں تو ایماندار ہیں اگر اختلاف کی جسارت کی تو کرپٹ چور، ڈاکو غلام، نااہل سب کچھ ہو سکتے ہیں بس سیاستدان نہیں ہو سکتے۔ عمران خان ہینڈ سم ہیں باقی سیاسی رہنما اس قابل بھی نہیں کہ انکے اصل چہرے ہی رہنے دیتے عمران خان کے فالورز خدا کی تخلیق چہروں کو بھی بگاڑ کر پیش کرتے ہیں۔ پنڈی سے ایک صاحب ہیں جو دنیا میں تن تنہا ہیں، سیاست میں ہی نہیں نجی زندگی میں بھی، عوامی سیاست سے تعلق دور دور تک نہیں، ہوا کے سنگ کبھی اِس چوبارے کبھی اُس چوبارے لیکن باتیں اس محاورے کے مصداق کرتے ہیں باتیں کروڑوں کی دکان پکوڑوں کی۔ اپنے قتل کے خدشات کا اظہار بھی کرتے ہیں اور قاتلوں کے ناموں کی لسٹ بھی مرتب کر چکے، یہ عالم شوق کا دیکھا نہ جائے بیلٹ سے بولٹ تک سیاست نہیں صرف شخیاں، یہ کیسا کردار ہے۔
بندو میاں بھی حضرتِ گاندھی کیساتھ ہیں
خود گردِ راہ ہیں مگر اندھی کیساتھ ہیں۔
اب کیا کریں سیاست تو جلیبی کی طرح سیدھی ہے۔ سب کردار باکمال، میھٹے، من پسند اور جلیبی کی طرح ہیں۔ ایسا نہ ہوتا تو آج 75 سال کے بعد ہم انتخابات کی تاریخ کے لیے سوال جواب نہ کر رہے ہو تے۔سیاسی معاملات سیاسی میدان تک رہتے، آئین اور ارضِ وطن کے محافظ تنقید کی زد میں نہ ہوتے، سب اپنی حدود میں رہتے۔ ستم ظرفی اپنا کام کوئی نہیں کرتا دوسرے کے معاملات میں سب چاق و چوبند ہیں۔ وقت کا تقاضا اور نازک حالات کا ادارک رکھتے ہوئے بہتری کے لیے سب کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ 1973 کے متفقہ آئین کی منشا اور تشریح قانونی نقاط کساتھ پنچائیتی انداز میں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ فریقین کچھ آگے آئیں اور کچھ پیچھے ہٹیں تو انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکتا ہے کمال کی بصیرت اور نیک نیت ہیں۔عوامی اجتماعات میں سیاسی بیان ہیں وعدے ہیں اور غریب کے لیے جلیبیوں کا اہتمام ہے۔ بس یہی کرنے کے کام ہیں باقی سب بیکار کی باتیں ہیں۔