• الیکشن کا التوا خواہش یا ضرورت

    تحریر : سلمان احمد قریشی

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات آئین کے آرٹیکل 218 (3)، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 58 اور 8 سی کے تحت ملتوی کر دئیے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق فیصلہ سیکیورٹی اداروں کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا، سیکرٹری داخلہ نے موجودہ حالات میں شفاف اور پُر امن انتخابات کے انعقاد کو ناممکن قرار دیا۔ اس کے ساتھ پاک فوج کی پولنگ اسٹیشنز پر تعیناتی کو بھی ناممکن قرار دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے مشاورت کے بعد الیکشن کے التوا کے ساتھ 8 اکتوبر کی نئی تاریخ کا اعلان کیا۔ صوبائی الیکشن کے التوا پر مسلم لیگ نواز کے لیڈران سے لیکر عام کارکن تک سبھی بہت خوش اور مطمئن ہیں۔ مسلم لیگ نواز الیکشن کے انعقاد پر فرار کو ہی اہمیت دیتی آ رہی تھی۔ عدالتی فیصلہ کے بعد بادل نخواستہ ہی الیکشن کے لیے تیار ہوئی تھی لیکن وزراالیکشن کے التوا کے لیے مہم جوئی میں مصروف رہے۔ اب جبکہ الیکشن کے التوا کا فیصلہ سامنے آیا تو لیگی کارکنان کی خوشی دیدنی ہے۔ یہاں مسلم لیگ نواز کے راہنما آئین اور قانون کے مطابق بات کرنے کی بجائے اپنے قائد کی خواہش کی تکمیل چاہتے ہیں اس لیے التوا پر شادیانے بجا رہے ہیں۔ دوسری طرف پی ٹی آئی اور دیگر جماعتیں الیکشن کے التوا کو آئین شکنی گردانتے ہیں۔
    اسلام آباد میں اسد عمر اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صوبائی انتخابات 30 اپریل کو ہی ہونا ہیں کیوں کہ آئین میں 90 دنوں میں الیکشن کرانے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں بقول انکے الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کر کے آئین شکنی کی، جس پر الیکشن کمیشن کے پانچ اراکین کے خلاف آرٹیکل (6) کے تحت کارروائی ہونا چاہیے۔
    صدرِ مملکتِ پاکستان عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو 24 مارچ کو خط بھی لکھا، جس میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے ممکنہ التوا اور تحریک انصاف کے اراکین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لکھا گیا جوابی خط جاری کیا ہے۔ جس میں
    پانچ صفحات اور سات نکات پر مشتمل جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ صدر کا خط تحریکِ انصاف کی پریس ریلیز دکھائی دیتی ہے۔ بطور صدر ایک بار بھی عمران خان کی عدالتی حکم عدولی اور تعمیل کرانے والوں پر حملوں کی مذمت نہیں کی۔ آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو آپ نے مکمل طور پر نظر انداز کر دیا جو نہایت افسوس ناک ہے۔وزیراعظم نے صدر عارف علوی کو مخاطب کر کے اپنے خط میں کہا ” آپ کے خط کا جواب اسی لیے دے رہا ہوں تاکہ آپ کے یکطرفہ رویے کو ریکارڈ پر منکشف کر سکوں ” قارئین کرام! الیکشن کمیشن کے اس اچانک فیصلے کے سیاسی اثرات مزید تقسیم اور کشیدگی میں اضافہ کا باعث بنیں گے۔ ملک میں جاری افراتفری اور سیاسی بحران کم نہیں ہوگا۔ غیر یقینی کی صورتحال بڑھے گی۔ مسلم لیگ نواز اسے اپنی کامیابی جبکہ سیاسی تجزیہ نگار
    الیکشن کے التوا کو حکومت کی ناکامی قرار دے رہے ہیں۔
    انتخابات 90 دن میں ہو جاتے تو کوئی مضائقہ نہیں تھا۔ یہ آئینی تقاضہ ہے۔ اس مسئلے کا کوئی دوسرا آئینی حل نہیں، حکومت اکتوبر میں بہتر معاشی اور امن و امان کی صورتحال کے بارے یقین دہانی نہیں کروا سکتی۔ حکومتی بددیانتی کو واضح کرنے کے لیے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے بیانات اور طرزِ عمل بھی کافی ہے۔ مزید اس طرزِ عمل پر لیگی کارکنان کے تبصرے سب کچھ واضح کر دیتے ہیں۔ ہم 30 اپریل کو الیکشن کے انعقاد پر اس لیے یقین کرتے ہیں کیونکہ ملک میں 1973 کا آئین نافذالعمل ہے۔ جبکہ ایک مسلم لیگی کارکن راقم الحروف کو فخریہ انداز میں یہ بتاتا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی مونچھیں اور چہرے کی وضع قطع ایسی ہے کہ وہ سب کچھ کنڑول کر سکتے ہیں۔ انکے ذہن میں شاید ڈکٹیٹر جنرل ضیاء الحق کی مونچھیں ہیں۔ جنرل ضیاء الحق آئین کو کاغذ کا ٹکڑا سمجھتے تھے۔ مسلم لیگ (نواز) کا کرب اور تکلیف سمجھ آتی ہے کیونکہ عمران خان نے انکے سیاسی قلعے پنجاب پر سیاسی بالادستی حاصل کر رکھی ہے۔ انکی مقبولیت کم ہونے کی بجائے اس میں اضافہ ہی نظر آتا ہے۔ عمران خان کے طرزِ سیاست سے ہمیں بھی اختلاف ہے لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ وہ آج مقبولیت کی بلندیوں پر ہیں۔ اس یقین کو غلط ثابت کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے بَروقت انتخابات کا انعقاد، اب عوام جنرل ضیاء الحق کے بُت سے تو ڈرنے والے نہیں۔ معاملات اب بہت آگے تک جا چکے ہیں۔حالات کی بہتری صرف انتخابات کے انعقاد سے ہی ممکن ہے۔ شعلہ بیانیاں اور ادائیں اب لیگی کارکنان کو تو خوش کر سکتی ہیں مگر عام آدمی اب اس سے مرغوب نہیں ہو سکتا۔ انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ عدلیہ سراسر آئین اور قانون کے مطابق کرنے جا رہی ہے۔ اس فیصلہ سے پاکستانی جمہوریت مستحکم ہو گی۔ جمہوریت کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دینے اور آئین کی خالق جماعت پی پی پی ایک طرف خاموش کھڑی ہے۔ جبکہ عمران خان اور مسلم لیگ نواز نے سیاستدانوں کی نااہلیت کے لیے سماں باندھا ہوا ہے۔ سیاسی فیصلے ذاتی اناٶں کی تسکین اور قائدین کی خواہش کی تکمیل کے لیے کیے جا رہے رہے ہیں۔ انتخابات اگر 30 اپریل کو نہیں ہو سکتے تو یہ ملکی سیاست کے لیے نیک شگون نہیں۔ کل کوئی حکومت اپنی تمام تر نااہلی کے بعد بھی اسی موقف کو اختیار کرے گی کہ یہ حالات ساز گار نہیں اور وہ الیکشن نہیں کروا سکتے اس لیے اقتدار کو دائم بخشنا ضروری ہے تو کیا یہ مناسب ہوگا۔۔؟ 2007 میں حالات بہت خراب تھے۔ بی بی شہید کا خونِ ناحق بہہ جانے کے باوجود پی پی پی نے انتخابات میں جانے کو ترجیح دی جو ایک بہتر سیاسی فیصلہ تھا۔ مسلم لیگ نواز اس وقت بھی سیاسی عمل سے باہر رہنے کا سوچ رہی تھی۔ آصف علی زرداری نے نظام میں رخنہ نہیں آنے دیا آج جب کچھ بھی ویسا نہیں تو انتخابات سے فرار مناسب نہیں۔ اگر حکومت واقعی ایک دن قومی اور صوبائی انتخابات کی خواہش رکھتی ہے اور اسے آئینی تقاضا سمجھتی ہے تو بھی فیصلہ کا اختیار شہباز شریف کے پاس ہے۔ وہ قومی اسمبلی تحلیل کر کے عام انتخابات کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی بھی حکمتِ عملی آئینی اور سیاسی بحران کو کم نہیں کر سکتی۔ اب بات عمران خان کی خواہش یا مسلم لیگ نواز کی ضد کی نہیں بلکہ پاکستان کے آگے بڑھنے کا سوال ہے۔ اس مسئلہ پر سیاست دان ناکام ہیں۔ تمام معاملات عدلیہ کے سپرد کر کے فیصلوں پر تنقید اور مہم چلانا ملک وقوم کے مفاد میں نہیں۔اتحادی جماعتیں مسلم لیگ نواز کو انتخابات کے لیے آمادہ کریں یا حکومت سے علیحدگی اختیار کر کے آئین کی بالادستی کے لیے کھڑی ہوں۔ انتخابات کون جیتتا ہے یہ ثانوی ہے سب سے پہلے پاکستان اور جمہوریت کا استحکام ہے۔ اس کے لیے اب فیصلہ کن وقت ہے، چرب زبانی اور ہوشیاریاں چالاکیاں کام آنے والی نہیں۔ جنرل ضیاء کی روح یا اولاد کسی بھی جماعت میں یا کسی بھی روپ میں نظر آئے بہرحال پاکستان کو اب اس عذاب سے نکلنا ہے اور یہ تسلیم کرنا ہے کہ تمام مسائل کا حل آئین کی بالادستی اور اسکو تسلیم کرنے میں ہی ہے۔

    224 مناظر