انتخابات وقت پرہونگے۔۔۔۔؟
تحریر: سلمان احمد قریشی
جمہوری نظام میں انتخابات کا انعقاد آئین کے طے کردہ طریقہ کار کے مطابق ہوتا ہے۔ عوامی فیصلہ سازی کے عمل میں رکاوٹ یا ابہام نہیں ہوتا۔شومئی قسمت وطنِ عزیز میں مسلم لیگ نواز کی قیادت نے انتخابات کے انعقاد کو لے کر عجیب طرزِ عمل اختیار کر رکھا ہے۔ مسلم لیگ نواز کی آرگنائزر مریم نواز انتخاب سے پہلے انصاف کا مطالبہ کرتی اور نت نئے بیانیہ بنانے میں مصروف ہیں۔ پہلے انتخابات کی تاریخ دینے پر لیت و لعل سے کام لیا گیا۔ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد انتخابی شیڈول کے اعلان میں تاخیر کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ اب صوبہ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول بھی جاری ہو گیا لیکن حکومت بے یقینی کی فضا قائم رکھنا چاہتی ہے۔ وزرا ء میڈیا کے سامنے آ کر انتخابات کے التواء کا تاثر قائم کرنا چاہتے ہیں۔ جبکہ انتخابی شیڈول کے مطابق پولنگ 30 اپریل کو ہونی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال 22 مارچ کو ہو گی اور 6 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
پاکستان کے دو بڑے صوبوں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات آئینی تقاضا ہے۔ آئینِ پاکستان کے مطابق صوبائی اسمبلی اگر اپنی آئینی مدت مکمل ہونے سے پہلے تحلیل کر دی جائے تو 90 روز کے اندر وہاں نئے انتخابات ہونا لازم ہیں۔ یوں 30 اپریل کو دونوں صوبوں میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن عدالتی حکم کے مطابق انتخابات کے انعقاد کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ لیکن وفاقی وزرا ء اور مسلم لیگی اہم شخصیات کے حالیہ بیان کچھ اس طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ وفاقی حکومت بظاہر صوبائی اسمبلیوں میں اس وقت انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتی۔ وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے اس جانب اشارہ کیا کہ سکیورٹی کی ناقص صورتحال یا اقتصادی مشکلات کی صورت میں آئینِ پاکستان صوبوں میں اس وقت قائم نگران حکومتوں کی مدت میں اضافے کی گنجائش دیتا ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں لاہور ہائی کورٹ کے واضح احکامات اور انتخابی شیڈول آنے کے باوجودمسلم لیگی قیادت اور نوازشریف کے غم خوار اور تجزیہ نگاروں کو آئین کے مطابق 90 دنوں میں انتخابات کے انعقاد کے امکانات روشن دکھائی نہیں دیتے۔ سیاسی ماہرین آئینی حکم کی خلاف ورزی کے لئے پیش کی جا نے والی تاویلوں کو ایک نئے ‘ نظریہ ضرورت‘ کا نام دے رہے ہیں۔ آج کل تمام نجی محافل میں سب سے پہلے یہی سوال اٹھایا جاتا ہے کہ” کیا انتخابات ہونگے۔۔۔۔؟”
قارئین کرام! اس سوال کے جواب میں مسلم لیگ نواز کے ہمدرد انتخابات کے التواء پر دلیلیں دینا شروع کر دیتے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کے جذباتی کارکن اور ہم خیال التواء کو مسلم لیگ نواز کی شکست سے تعبیر کرتے ہیں۔محض امکانات اورخواہشات کے سمندر میں ڈوب کر اس سوال کا جواب نہیں مل سکتا۔ انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضہ ہے اور اسکا پورا ہونا ضروری ہے۔ آئین پر اعتماد کا اظہار اور عوامی رائے کے احترام کا عملی مظاہرہ خدشات پھیلانے سے نہیں یقین کی فضا قائم کرنے سے ہی ہو سکتا ہے۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کو ایک ساتھ کروانے کی دلیل اچھی ہے لیکن اس امکان کو ممکن بنانے کا کُلی اختیار شہباز شریف کے پاس تھا کہ وہ وفاقی حکومت بھی تحلیل کر دیتے یا صوبائی اسمبلیوں کو ختم کرنے سے پہلے عمران خان کے ساتھ انتخابات پر متفقہ فیصلہ کرلیتے لیکن ایسا نہیں ہوا اب صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کا التواء یا تاخیر مستقبل کے لیے بھی بہتر حکمتِ عملی قرار نہیں دی جا سکتی۔ معاشی مشکلات کے ساتھ سیاسی بحران کو پیدا کرنے اور بڑھانے میں پی ٹی آئی بھی مسلم لیگ نواز کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ آج ملک جس صورتحال سے دوچار ہے اس کے ذمہ دار سب ہیں، سیاسی قیادت، طاقتور حلقے اور سیاسی کارکن ہر بدقسمتی سے اس جمہوری نظام میں شخصیت پرستی کا چلن عام ہے۔ سیاسی کارکن سیاسی شخصیات کو قانون سے بالا تر اور ملکی مفادات سے زیادہ مقدم سمجھتے ہیں۔
دو صوبائی اسمبلیوں کا انتخابات کے انعقاد پر سوال اب ختم ہو جانا چاہئیے۔انتخابات سے فرار اب ممکن نہیں۔ راقم الحروف کی فہم کے مطابق اب جبکہ آصف علی زرداری نے بھی سرائیکی وسیب میں کہا ہے کہ پنجاب میں ہم تیر کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ کے پی کے میں انتخابات ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ سیاستدان متفقہ طور پر کوئی اور حل دیں تو غور ہو سکتا ہے تو پھر مزید ابہام کی گنجائش نہیں۔ ہم آصف علی زرداری سے سیاسی اختلاف رکھ سکتے ہیں لیکن انکی سیاسی معاملہ فہمی دوراندیشی سے انکار نہیں کیا جا سکتا، سیاسی بساط کو سمجھنے میں آصف علی زرداری اپنا ثانی نہیں رکھتے۔
دوسری طرف یہ بھی اہم ہے کہ بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا اشارہ کیوں دیا؟ سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ پیپلز پارٹی موجودہ معاشی صورتحال اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب الیکشن سے قبل اتحادی حکومت سے علیحدگی اختیار کرے گی تاکہ وہ اس کی ذمہ داری سے بری ہو سکے۔ پاکستان پیپلز پارٹی مرکز میں اتحادی حکومت کا حصہ تو ضرور ہے مگر پیپلز پارٹی نے عمران خان کی سابق حکومت مخالف نو جماعتی اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے اپریل 2021 میں علیحدگی کے بعد سیخود کو سیاسی طور پر آزاد ہی رکھا ہے۔اس کے علاوہ پی پی پی کی پنجاب قیادت کی روزِ اول سے خواہش ہے کہ اگر پنجاب سے ووٹ لینا ہے تو الیکشن کے دوران خاص طور پر سرائیکی وسیب میں نواز لیگ مخالف نعرہ لگانا ہوگا۔ اس لیے بلاول بھٹو نے ایسا اشارہ دیا ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ اعتراز احسن، لطیف کھوسہ تو ببانگِ دُہل الیکشن کے انعقاد کے وکیل ہیں۔ پی پی پی کے کسی رہنما نے صوبائی الیکشن کے التواء یا تاخیر پر بیان بازی نہیں کی۔ اب جب کہ شیڈول بھی آ گیا تو مسلم لیگ نواز کے پاس انتخابات میں جانے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ انتخابات کے انعقاد پر اب غیر سنجیدہ رویہ تبدیل ہی کرنا ہو گا۔ الیکشن تو 30 اپریل کو ہی ہوں گے۔