کیا فوری الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں۔۔۔؟
تحریر:سلمان احمد قریشی
صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سربراہ کو ایک اہم خط لکھا گیا ہے جس میں انتخابات کے فوری اعلان کی ہدایت کی گئی ہے۔ صدرِ مملکت نے لکھا کہ الیکشن کمیشن صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، اور الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق کے پی کے اور پنجاب کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرے۔ خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ آئین کا آرٹیکل 224 دو اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر انتخابات پر زور دیتا ہے، اس لیے آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد ای سی پی کا بنیادی اور لازمی فرض ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا خط میں کہنا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 218 (3) ای سی پی کو شفاف انتخابات یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے، اگر الیکشن کمیشن فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہا تو آئینی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، میں نے سربراہِ مملکت ہونے کی حیثیت سے آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے۔ صدرِ مملکت نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو آئین کے تحت حلف کے مطابق بنیادی ذمہ داری کی یاد دہانی کراتے ہوئے لکھا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خط میں آئین کی تمہید اور قرارداد مقاصد کا بھی حوالہ دیا، تمہید میں کہا گیا ہے کہ ریاست اپنی طاقت اور اختیار کو عوام کے نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی، جب کہ قراردادِ مقاصد قوم کے آباؤ اجداد کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔ انھوں نے لکھا کہ آئین میں جمہوری اصولوں اور اقدار کی پابندی اور پیروی کے بارے میں کوئی ابہام نہیں، دنیا کی پرانی جمہوریتوں نے جنگوں کے دوران بھی انتخابات میں تاخیر نہیں کی، امریکا نے 1812 میں برطانیہ کے ساتھ جنگ کے باوجود انتخابات کرائے، اور امریکی صدر ابراہم لنکن نے 1864 میں خانہ جنگی کے دوران بھی انتخابات معطل کرنے کا نہیں سوچا۔ صدر نے لکھا کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر کے مناسب آئینی قدم اٹھایا، پختہ خیال ہے کہ انتخابات ملتوی یا تاخیر کا جواز فراہم کرنے والے حالات ملک میں نہیں ہیں، اور حالیہ عالمی تاریخ ثابت کرتی ہے کہ انتخابات کے التوا نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، اس لیے الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں۔
قارئین کرام! فوری الیکشن کا مطالبہ تواتر سے پی ٹی آئی کی طرف سے کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی سیاسی طور پر حکومت کو دباو میں لانے کے لیے سب حربے آزما چکی ہے۔ عہدِ حاضر میں سیاست، الزامات اور بیانات تک محدود ہے۔ بیشتر سیاسی معاملات عدالت میں زیرِ سماعت ہیں۔ جبکہ سیاسی قیادت عوامی مسائل سے زیادہ شخصیات کو لیکر سرگرم ہے۔ آج قیامِ پاکستان کو 75 برس گزر گئے اور اس سال آئینِ پاکستان کی گولڈن جوبلی بھی ہے لیکن ہم سیاسی معاملات کو بہتر انداز میں لیکر چلنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ سیاسی عدم استحکام کی بنا پر ہی پاکستان ترقی یافتہ ملک نہ بن سکا۔ قیامِ پاکستان کے چند سال بعد ہی وطنِ عزیز سیاسی عدم استحکام کی لپیٹ میں آ چکا تھا اور یہ سیاسی کشیدگی اتنی بڑھی ہوئی تھی کہ جلد ازجلد وزیرِ اعظم بدلتے رہے کہ نہرو اسے دھوتیاں بدلنے سے تشہیر دیتا رہا اور بالاخر پہلے آزادانہ انتخابات کے بعد پاکستان دولخت ہو گیا۔سیاسی تفاوت مستحکم پاکستان کے راستہ میں حائل رہی۔ جنرل یحیی نے ہوسِ اقتدار میں پاکستان کو دو ٹکرے کر دیا۔ ستم ظرفی اس قومی سانحہ کے ذمہ دار کرداروں کو عوامی غضب سے بچانے کے لیے کچھ سیاسی کردار ذوالفقار علی بھٹو پر الزام تراشی کرتے رہے۔ اقتدارِ کُل کا مالک جنرل یحیی تھا جو ہر صورت صدر کی کرسی پر بُراجمان رہنے کا خواہش مند تھا لیکن اس کردار کو چھوڑ کر ذوالفقار علی بھٹو پر الزام تراشی کا، لا متناہی سلسلہ شروع کیا گیا۔ ایسی آوازیں آج بھی غیر دانشمند سیاسی قیادت کی طرف سے آتی ہیں۔ اس سانحہ کا سب سے بڑا سبق یہی ہے کہ الیکشن مسائل کا حل نہیں قومی اتفاقِ رائے اور آئین کی بالادستی شرطِ اول ہے۔ آج ملک میں سیاسی تقسیم جس قدر بڑھ چکی ہے اس آلودہ ماحول میں الیکشن سے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آتے۔ صدر عارف علوی جو ریاستِ پاکستان کے سربراہ ہیں وہ سیاسی معاملات کے حل کے لیے بھی راستہ نکالیں۔ الیکشن آئین کے طے کردہ وقت اور طریقہ کار کے مطابق ہی ہونے چائیں۔ لیکن جب آئینی طریقہ سے عمران خان کو رخصت کیا گیا۔ ردِعمل میں امریکی سازش، ریاستی اداروں پر الزام تراشی، میر جعفر، میر صادق کے القابات سے نوازا گیا اور الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کیا گیا اور کیا کچھ نہیں کہا گیا۔اسی الیکشن کیمشن کے تحت، نتائج کیسے قابلِ قبول ہونگے اس کا جواب کیسی کے پاس نہیں۔ ایسے میں عمران خان کی سیاست کے بارے میں یہی کہا جاسکتا ہے کہ وہ الیکشن ہونے سے پہلے ہی الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔
صدرِ مملکت عارف علوی اور دیگر ذمہ داران کو یہ سوچنا چاہیے کہ الیکشن کے بعد بھی اگر سیاسی کشیدگی کم نہ ہوئی، ملکی معشیت سنھبل نہ سکی تو کیا ہو گا۔ اس لیے الیکشن سے پہلے قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔ ا سیاسی اختلاف کو دشمنی تک نہ لے جایا جائے۔ عوامی فیصلہ کے نتیجہ میں اگر عمران خان حکومت میں آ جاتے ہیں تو کیا شریف برداران اور آصف علی زرداری سیاست سے بیدخل ہو جائیں گے۔ دوسری صورت میں اگر کامیابی عمران خان کے حصہ میں نہیں آتی تو پی ٹی آئی کے جذباتی ووٹر اور قائدین نظام کو چلنے دیں گے یقیننا نہیں ایک اور نیا بیانیہ سامنے لے آئیں گے جس سے سیاسی استحکام نہیں آ سکتا۔ سیاسی مسائل سے نمٹنا کوئی مشکل کام نہیں۔ اس کے لیے عملی طور پر ایک مضبوط سیاسی سوچ، فکر، تدبر، فہم و فراست، مضبوط عملی قیادت سمیت ایک واضح اور شفاف روڈ میپ درکار ہے۔باہم مل کر آگے بڑھنے اور نتائج ماننے کا اقرار ضروری ہے۔ اگر صدرِ پاکستان کو مسائل کا درست ادراک ہے، جو یقیناً ہے تو سب سے پہلے سیاسی قیادت کے درمیان قتل کے الزامات کی واپسی، گرفتاریاں اور عدم برداشت کو ختم کروائیں۔ الیکشن تو ہونے ہیں اور ہو بھی جائیں گے لیکن قومی اتفاقِ رائے کے لیے کوشش کریں۔ آج سیاسی عدم استحکام، معاشی بدحالی، حکومت اور عوام کے درمیان عدم اعتماد، حکومتی اداروں کے احترام کا اُٹھ جانا، حتیٰ کہ فوج کے احترام میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ جرائم، خصوصاً دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ الیکشن کے انقعاد سے زیادہ اہم اور غور طلب ہیں۔ یہ صورتِِ حال ہر باشعور فرد کے لیے سخت تشویش کا باعث ہے۔ اگر پی ٹی آئی کی سیاست ہی الزام تراشی اور مخالفین کو سیاسی محاظ میں جگہ نہ دینا رہے گی تو کیسے آگے بڑھا جا سکتا ہے۔۔؟سیاسی جماعتوں کی باہمی الزام تراشیاں ہماری سیاست کا نہایت تشویش ناک پہلو ہے۔ان حالات میں ملک کے مستقبل کے بارے میں مایوسی بڑھے گی۔ آج معاشرہ ایک شدید تقسیم در تقسیم کا شکار ہے۔ اب صرف سیاسی جماعتوں کے درمیان ہی نہیں بلکہ گھروں کے اندر بھی ایک واضح سیاسی اور اخلاقی، اختلافی تقسیم نظر آ رہی ہے۔یہ سیاسی شعور نہیں بلکہ غیرصحت مندانہ تقسیم ہے۔ اختلافات اسی طرح بڑھتے رہے تو یہ سیاست کے لیے انتہائی نقصان دہ ہو گا۔ الیکشن سے پہلے اداروں کے وقار کو بحال کرنا ضروری ہے۔ سیاسی قیادت کے درمیان مکالمہ اہم ہے۔ مفاہمت مک مکا نہیں ہوا کرتی، آگے بڑھنے کا طریقہ ہے۔ جمہوریت برداشت کا نام ہے۔ الزام تراشی اور مقبولیت ایک ساتھ زیادہ عرصہ نہیں چل سکتی۔الیکشن مقبولیت کا فیصلہ کر سکتے ہیں لیکن آگے بڑھنے کے لیے سیاسی فہم و فراست کے عملی اظہار کا ہونا ضروری ہے۔ اس کی طرف توجہ ضروری ہے باقی سب کچھ آئین میں طے ہے۔