سیاسی استحکام کی خواہش
سیاسی استحکام کی خواہش
تحریر: سلمان احمد قریشی
2023کا آغاز مشکلات اور بے یقینی کی صورتحال کیساتھ ہوا۔ حالات کب تک ایسے رہیں گے اور بہتری کی طرف ہم کب بڑھیں گے۔۔؟ یہ سوال عام پاکستانی کے لبوں پر ہے۔ بس فکر ہے تشویش ہے اور بہتری کی خواہش ہے۔ حالات سے مقابلہ کی سکت ختم ہوتی جارہی ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری سے زندگی بوجھ سی لگنے لگی ہے۔ ایک مقبول عام فقرہ ”ملک نازک دور سے گزر رہا ہے” گزشتہ75 سالوں سے گونج رہا ہے۔ ایک مشکل سے مقابلہ کرتے ہیں تو دوسری مشکل سامنے ہوتی ہے۔ قومی حکومت، اسلامی نظام، عسکری اقتدار، صدارتی نظام اورعوامی دور لیکن مسائل ہیں کہ بڑھتے ہی چلے گئے۔ آج ملکی خزانہ خالی، میدان سیاست میں بے یقینی ہی بے یقینی ہے اورعالمی برادری میں بے توقیری ہے۔ اندورن ملک سے تعلیم یافتہ پاکستانی بیرون ملک منتقل ہورہے ہیں صرف افراد ہی نہیں دولت بھی ملک سے چلی گئی۔ ایسے میں جب دولت اور برین ملک سے باہر منتقل ہوتے رہیں گے تو ہم کامیاب کیسے ہوسکتے ہیں۔ ان حالات میں کسی بھی معاشرہ میں بدامنی، دہشتگردی اور دھونس دھاندلی ہی مقدر ہواکرتی ہے۔
ملک وقوم کو بحرانوں سے لیڈر ہی نکالتے ہیں محض عسکری طاقت یا دولت ریاستی طاقت کو نہیں سنبھال سکتی۔ ملکی امور کی بہتر انجام دہی عوامی لیڈر شپ کی ہی ذمہ داری ہوتی ہے۔لیڈر شپ عوام منتخب کرتی ہے اور لیڈر کا ہاتھ عوامی نبض پر ہوتا ہے۔ فیصلہ سازی عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے۔ سیاست ملک کو بحرانوں سے نکالتی ہے جبکہ ہم سیاسی بحران ہی کا شکار ہیں۔پہلے منتخب وزیراعظم کی پھانسی سے ہم نظام مصطفی کا نعرہ لگائے اسلامی نظام کے لیے پر امید تھے۔ جمہوریت آئی تو جنرل ضیاء الحق کے مشن کی تکمیل کے خواہشمند سرگرم رہے۔ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے کا نتیجہ دہشتگردی کی صورت میں نکلا۔ پھر عوامی لیڈر کا خون بہا اور جمہوریت آئی۔مفاہمت کے ذریعے پہلی بار اسمبلیوں نے آئینی مدت پوری کی۔ وزیراعظم کو عدالت نے رخصت کردیا۔2013کے انتخابات کے بعد ایک بار پھر ملک کو ترقی دینے والی موٹروے فیم قیادت آئی۔ سیاسی کھنچاتانی جارہی رہی۔ پانامہ، اقامہ اور وہی پرانا ڈرامہ،2018 میں نئے پاکستان کے دعویدار آگئے۔انصاف کے نام پر انتقام اور اس حکومت کا پرانا انجام ایماندار لیڈر حکومت سے رخصت ہوگئے۔ اس دفعہ پہلی بار آئینی طریقہ استعمال ہوا اور عدم اعتماد کے نتیجہ میں وزیراعظم پاکستان فارغ ہوئے۔
قارئین کرام! مارچ 2022ء کو پاکستان میں حزب مخالف کی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے پاکستان کی قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دائر کی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے وزیر اعظم پر خراب حکمرانی اور معیشت کی بدانتظامی کا الزام لگایا۔سابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے گزشتہ 4 سالوں میں حکومت نے معاشی اور سماجی لحاظ سے اس ملک کے ساتھ جو کچھ کیا ہے اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔حکومت نے جواب میں حزب اختلاف کی جماعتوں پر بین الاقوامی سازش کا حصہ ہونے کا الزام لگایا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے سوال کیا تھا کہ ’کیا وہ اس کے لیے تیار ہیں کہ میں ان (اپوزیشن) کے ساتھ جوکروں گا اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو؟
25 مارچ 2022ء کو پارلیمان کا اجلاس شروع ہوا اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس فوری طور پر 28 مارچ 2022ء تک ملتوی کردیا۔28 مارچ 2022ء کو قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی۔ جس کے بعد ڈپٹی سپیکر نے اجلاس 31 مارچ تک ملتوی کر دیا۔31 مارچ 2022ء کو عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے کے چند منٹ بعد 3 اپریل 2022ئتک ملتوی کر دیا گیا۔3 اپریل 2022ء کو قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو آئین کے آرٹیکل 5 کے خلاف قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔7 اپریل 2022ء کو قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے اور عدم اعتماد کے ووٹ کو روکنے کی کوشش کو پاکستان کی سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا۔9 اپریل 2022ء کو آدھی رات سے چند منٹ پہلے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا۔9 اپریل 2022ء کی رات کوقومی اسمبلی کا اجلاس 10 اپریل 2022ء تک ملتوی کر دیا گیا۔10 اپریل 2022ء کو قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں سے منظور ہوگئی۔ عمران خان ایوان کا اعتماد کھو بیٹھے۔عدم اعتماد کے جمہوری طریقہ کو روکنے اور اسے ناکام بنانے کے لیے نت نئے انداز اپنائے گئے ایک ہیجان برپا تھا۔ اس عمل کو مکمل ہونے میں کتنا وقت لگا اسے تفصیل سے لکھنے کا مقصد صرف یہ واضح کرنا تھا کہ عمران خان ہر حد تک گئے لیکن اقتدار برقرار نہ رکھ سکے۔ اقتدار کیا گیا، قرار بھی گیا۔اب کیا غیر ملکی سازش، فوری الیکشن کا مطالبہ اور نت نئے الزامات اور بیانیے مگر سیاسی استحکام نہ آسکا۔پی ڈی ایم اقتدار میں آئی تو وزیراعظم شہباز شریف جو ایک طبقہ کے مطابق بہترین ایڈمنسٹریٹر تھے ہر محاذ پر ناکام ہی ہوتے آئے۔ کیوں نہ ہوتے جب فیصلہ سازی عوامی منشا اور خواہش کے مطابق نہیں کیے گے۔ سیاسی رہبر لندن میں بیٹھ کر پاکستان چلانا چاہتے تھے۔ عمران خان کب چین سے بیٹھے جلسے احتجاج لانگ مارچ فرلانگ مارچ کی صورت میں ہوا۔ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ صوبہ پنجاب میں حمزہ شہباز کی حکومت پھر پرویز الہی وزیراعلی بنے اور سیاسی رسہ کشی جاری رہی۔ اعتماد کے ووٹ کے بعد اسمبلی کی تحلیل سب کچھ ہوا۔کراچی کے بلدیاتی انتخابات کا التوا اور انعقاد بے یقینی ہی بے یقینی ہے۔ عدم استحکام اور مخالفت ہی مخالفت دوسری طرف معیشت کا برا حال، لیکن سب نے چلی نت نئی چال عوام ہوئے بدحال، سب کا نعرہ پاکستان زندہ باد۔
سیاسی حریف پی ٹی آئی پر یہ الزام لگاتے رہیں گے کہ ان کے سپیکر یا ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی شقوں کی صریحاً خلاف ورزی کی اور آئین کے تحت تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری نہیں ہونے دی۔ پنجاب میں گورنر بلیغ الرحمان کا کردار اور حمزہ شہباز کا انتخاب غیرآئینی تھا۔حالیہ بحران کو سیاسی پہلو سے دیکھا جائے تو یقیناً سیاسی طور پرمرکز میں تحریک انصاف کی حکومت کو اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) ملک کی تاریخ میں آئین شکن حکومت کے طور پریاد رکھی جائے گی۔اب ملکی سیاست قومی انتخابات کی طرف ہی جائے گی۔ سیاسی بحران الیکشن کے انعقاد سے ختم ہوسکتا ہے تو اس رائے سے بھی اتفاق نہیں کیا جاسکتا۔ الیکشن میں عمران خان کی ناکامی کی صورت میں ادارے تنقید کی زد میں رہیں گے۔ عمران خان نظام کو چلنے ہی نہیں دیں گے۔ عمران خان کی کامیابی سے انتقام کی خواہش اور روایت سے ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔
2018 میں کامیابی کے بعد عمران خان اپنے دور اقتدار میں حکومت کرنے میں ناکام ہی رہے تھے اب کیسے بہتر حکمرانی کی مثال قائم کر سکتے ہیں۔خدشات اور اندیشے مایوسی بڑھاتے ہیں۔مسائل زیادہ ہیں اور اہلیت کا فقدان ہے۔ ان تمام مسائل کو صرف اور صرف مفاہمت اور ہر حد تک اتفاق رائے سے ہی قابو کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کو آج سیاسی رواداری اور برداشت کی صلاحیت رکھنے والی سیاسی قیادت کی ضرورت ہے۔الزام تراشی اور مخالفت سے معاملات بہتر نہیں ہوسکتے۔عام آدمی سیاسی استحکام کی خواہش رکھتا ہے کیونکہ سیاسی استحکام سے ہی ملک مستحکم ہوسکتا ہے۔ جب تک تمام جماعتیں مل کر الیکشن کی طرف نہیں بڑھتیں اور ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کی طرف نہیں لوٹ جاتیں صرف خدشے ہی خدشے ہیں۔