• میں اور میرا قلم

    (سید امیر کاظمی سابق ایجوکیشن آفیسر )
    ( 04 جنوری2023 ء )

    میں بڑے وثوق سے یہ کہ سکتا ہوں کہ ایک لمبے عرصے سے اِس ملکِ خداداد میں جس قدر نقصان کسان کا ہوا ہے جو اِس ملک کا سب کچھ تھااِس سے زیادہ تعلیم بھی نقصان نہیں دے سکی۔پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت ہی ہماری معیشت کا سب سے بڑا سہارا تھی یا بن سکتی تھی جس کو ایک خاص مقصد سے نقصان دیا گیا۔ آپ مجھے جانتے ہیں اعدادو شمار کے لحاظ سے پاکستان سے بہت سے نوجوان و کاروباری حضرات جا چکے ہیں۔ آخر کبھی سوچا کسی نے ؟۔۔۔نہیں ۔ کیوں نہیں سوچا۔۔۔؟پھر مجھے کہا جاتا ہے یہ وہی جناح کا پاکستان ہے جس کا اُنھوں نے خواب دیکھا تھا۔
    ایک مختلف انداز سے ہمیشہ آپ کی توجہ اہم نکتہ کی طرف مبذول کرواتا ہوں ۔آج غریب اور غریب کی اشیاء کی طرف ایک نظر عمیق دوڑائیں گے۔غریب کسان کیا کیا اُگاتا ہے ؟ گندم، چاول، گنا اور کپاس۔اب یہ ہی اشیاء اُس کی پہنچ سے دور ہیں ۔ غریب آدمی کا آگ جلانے والی لکڑی سے لے کر میٹھاس والی لکڑی کا سفر ہی غریب کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے۔ عام آدمی کے پاس کھانے کے لیے گندم ،چینی،دالیں اور چاول نہیں جبکہ کسان کی نسبت سرمایہ دار اِنہی اشیاء سے اپنے کاروبار کو اِس قدر وسعت دے چکا ہے کہ یہ ہی اشیاء غریب کی پہنچ سے باہر ہونے والی ہیں۔ اِن کے متعلق وہی سوچے گا جس کو اِن کی فکر ہو گی اور سرمایہ دار کو غریب کی کوئی فکر نہیں وقت اَب یہ سب کچھ واضع کر چکا۔ پاکستان میں رہ کر ریاستِ مدینہ کی بات کرنے والے ریاستِ مدینہ تو دور کی بات صرف جناح کا پاکستان ہی ہمیں واپس کر دیں تو اِن کی مہربانی ہو گی۔
    جن کسانوں نے گنا، گندم اور چاول کاشت کیا تھا اُن سے پوچھیں اُن کے ساتھ کیا سلوک ہوا۔ جن باتوں پر بار بار سوشل میڈیا پر تنقید ہوتی رہی اُن سوشل میڈیا کے انصافی یا لیگی دوستوں سے گزارش ہے آپ کی لڑائی سے کسان کو کیا ملا۔۔۔؟آگ والی لکڑی جو اُس کے استعمال میں آتی ہے وہ بھی اُس کی پہنچ سے دور اور میٹھی لکڑی جس سے کسان کو فائدہ ہو سکتا ہے اُس کی بازاری قیمت نہ ہونے کے برابر ہے۔۔۔یہ اِس لیے کہ وہ سرمایہ دار کے استعمال میں آ کر اُس کو فائدہ دیتی ہے۔ از راہِ کرم سوچیں اَب آپ کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے اگر آپ کسان ہیں تو آپ کو مشہور چینی کہاوت پر عمل کرنا ہو گا۔ آپ کما کر اُگا کر سرمایہ دار کے لیے نہیں چھوڑنا ہو گا۔Relay on your indigenous forces پر عمل کرتے ہوئے اپنے اُگائے ہوئے سے خود اشیاء خورد و نوش بنائیں اور سرمایہ داری نظام کے چنگل سے چھٹکارہ پائیں ۔میں نے چند ماہ کے اندر صرف کسان جو صرف کسان تھا اُس کو موجودہ حالات میں انتہائی پریشان حال دیکھا ہے۔
    اَب یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے کسی کی تجوری کو بھرنا ہے یا اپنے بچوں کی پروش کرنی ہے۔۔۔؟وہ ملک یا قوم جو صرف پیداواری ملک ہو گا ترقی نہیں کر سکتا ہے جب تک وہ صنعتی نہ ہو اِس میں ضروری نہیں اُس صنعت کو سرمایہ دار ہی چلا رہا ہو اِس کو کسان بھی خود سے چلا سکتا ہے اور زیادہ منافع کما سکتا ہے۔
    اللہ ہم سب کا ہامی و ناصر ہو

    324 مناظر