• پیامِ پاکستان محراب و منبر کی ذمہ داریاں

    تحریر:سلمان احمد قریشی

    ہرعہد کے کچھ اپنے تقاضے ہوتے ہیں جن سے عہدہ بَرا ہونا اس عہد کے اربابِ اختیار کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے آج میڈیا کا دور ہے۔ الیکٹرانک، پرنٹ، ڈیجٹیل، سوشل میڈیا اور وائس میڈیا کے ذریعے ہم اپنی آواز، تاثرات اور افکار کو لمحوں میں زمین کے کونے کونے تک پہنچا سکتے ہیں۔ میڈیا اور ذرائع ابلاغ کی فہرست میں ٹی وی، ریڈیو، اخبارات یا جدید ترین سوشل میڈیا کو شامل کیا جاتا ہے۔ لیکن آج ایک ایسے ”میڈیا“ کی افادیت کو نظر انداز کردیتے ہیں جسے عمومی طور پر روایتی میڈیا کی فہرست میں شمار تو نہیں کیا جاتا لیکن عملا اور حقیقتا ایک موثر ترین میڈیا ہے اور وہ ہے ”محراب و منبر“ انسانیت سازی، خود شناسی اور خدا شناسی کے حوالے سے ایک متبرک مقام ہے جسے”محراب و منبر“ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ یہاں سے ہی آپﷺ کی زبانِ اطہر سے خطبات کی صورت میں اسلام کی پاکیزہ اور آفاقی تعلیمات کا پرچار ہوتا رہا۔ ابتدائی ادوار میں محراب و منبر امت کی یکجہتی، افراد کی تربیت اور امتِ مسلمہ کو امتِ واحدہ بنانے کا ذریعہ رہا۔ عہدِ رواں میں محراب و منبر کے وارثین پر ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ میڈیا کے استعمال سے اسلام، مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف سازشیں جاری ہیں۔ غلط الزامات کا پرچار اور انتشار کا سامان پیدا کیا جا رہا ہے۔ اگرچہ دورِ حاضر میں ہمارے پاس ہر طرح کے میڈیا تک رسائی ضرور ہے بلکہ ہمارے پاس تو موثر ترین (میڈیا) ذریعہ ابلاغ محراب و منبر بھی ہے۔
    مسلمان کا دینِ اسلام سے تعلق ہر چیز سے بڑھ کر ہے۔ محراب و منبر سے اٹھنے والی آواز بہت موثر ہے۔ لیکن بدقسمتی کہ اس مقام کاغلط فائدہ بھی اٹھایا گیا۔انتشار اور مسلک کی بنیاد پر تقسیم کو بڑھایا گیا۔ فرقہ واریت کو ہوا دی گئی۔ منبر سے صرف مسلک کی باتیں کی گئیں۔ ہمیشہ سے اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں میں انتشار اور افتراق کی فضاء پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد پورے کرتی رہی ہیں۔ لیکن آج ہم دورِ جدید کے فتنوں سے آگاہ اور بالغ نظر ہو چکے ہیں۔ وقت کا بھی تقاضا ہے کہ ہم اپنی دعوت میں وسعت پیدا کریں۔ اصلاحِ احوال اور ہر دور کے فتنوں کی سرکوبی اسی محراب و منبر سے ہوئی آج بھی اسی جگہ سے محبت اور اتفاق کا پیغام پھیلائیں۔
    قارئینِ اکرام یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں پیامِ پاکستان محراب و منبر کی ذمہ داریاں کے موضوع پر ایک سیمنیار کا انعقاد کیا گیا۔یونیورسٹی آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمنیار میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے علامہ محمد اکرم قاری، صدر تنظیم آئمہ مساجد ضلع اوکاڑا، مفتی علی عمران،صدرِ مدرس جامعہ فریدیہ ساہیوال، کوارڈینیٹر تنظیم المدارس پاکستان ساہیوال ڈویژن اورپروفیسر ڈاکٹر محمد واجد وائس چانسلر نے قیامِ پاکستان کے حقیقی مقاصد، قائداعظم محمد علی جناح کے افکار پر بات کرتے ہوئے محراب و منبر کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔شرکاء کا کہنا تھا پاکستان ایک اسلامی جمہوری ریاست ہے یہاں سب کے حقوق برابر ہیں۔ محراب و منبر سے تبلیغ کا مقصد اپنے عقیدے کا بیان تو کرنا ہے مگر زبردستی انکا اعتراف کروانا نہیں۔ اپنے نظریے اور عقیدہ سے منسلک رہ کر پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پایا جا سکتا ہے۔ محبت، امن بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے میں اساتذہ کرام، علما دین سمیت طالبِ علموں کا کردار کلیدی ہے۔ درس گاہیں ہی معاشرہ قائم کرتی ہیں۔ اس لیے ہمیں تعلمیی اداروں میں مثبت سوچ کو فروغ دینا ہے۔ شدت پسندی کی نفی ضروری ہے۔اسلام امن کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان امن کا گہوارہ ہے۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر انوار اللہ طیّبی فیکلٹی شعبہ اسلامیات سمیت یونیورسٹی اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر امجد علی سیمنیار آرگنائزر
    ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز یونیورسٹی آف اوکاڑا نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
    راقم الحروف اپنی صحافتی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور بطور طالبِ علم سیمنیار میں موجود تھا۔ ہمیں اس سوچ اور جذبہ نے تحریک دی کہ اس موضوع پر لکھ کر اپنا فرض بھی ادا کریں۔ پاکستان سب کا ہے، ہماری شناخت ہے اور ان عظیم فرزندوں کا خون تقاضا کرتا ہے جو وطن کی سالمیتی کے لیے قربان ہوئے۔ دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہمارے سکون اور امن کی تلاش میں سینہ تان کر کھڑے ہیں۔ہمارے اپنوں کی نااہلی اور چند مفاد پرستوں کی غلطیوں نے ہمیں رسوا کیا وگرنہ پاکستان ایک پُر امن ملک ہے اور امن پسند لوگوں کا مسکن ہے۔
    ہمارے بہادر جوان خون کا ہدیہ پیش کرتے ہوئے پیغامِ پاکستان کی آبیاری کر رہے ہیں تو ایسے میں منبر و محراب کا منصب سنبھالنے والے بھی وطنِ عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان کے پُر امن ہونے کے امیج کو حقیقت کا رنگ دینے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ مجاہد اور ملا ایک پیج پر ہیں کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم طالع آزماوں کی سازشوں اور مکاریوں کو سمجھیں اور پیامِ پاکستان کو اولیت اور فوقیت دیں تاکہ ہمارا پیارا وطن مشکل کی اس گھڑی سے نکل سکے۔

    301 مناظر