• شکایات سیل اور عوامی مسائل کا حل

    تحریر:سلمان احمد قریشی

    عوام کو نچلی سطح پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر چیئرمین شکایت سیل پنجاب زبیر احمد خان نے صوبہ بھر میں ڈویژنل و ضلعی چیئر مینز شکایت سیل سمیت دیگر عہدیداران کی تقریاں کیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوام کو نچلی سطح تک فوری ریلیف کے لیے شکایت سیل میں موصول ہونے والی شکایات کو فوری طور پر متعلقہ اداروں کی مدد سے حل کیے جانے کی ہدایات جاری ہوئیں۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی پر عزم ہیں کہ شکایت سیل موثر انداز میں کام کریں گے تو فوری انصاف کی فراہمی میں آسانی ہوگی اور عوامی مشکلات کم ہونگی۔
    قارئین کرام! وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے سابقہ دورحکومت میں بھی عوامی خدمت اور بے شمار فلاح وبہبود کے پروجیکٹس پر کام کیا تھا اور ابھی بھی کئی نئے پروجیکٹس کا اجراء کیا گیا ہے۔ پنجاب کی سیاست میں چوہدری پرویز الہی ایک منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔ رواداری، میل ملاپ اور عام آدمی سے جڑے رہنا انکی سیاست کا خاصا ہے جبکہ بااثر سیاسی شخصیات سے تعلق اور مقامی دھڑے بندی کو بہتر جانتے ہیں۔ آپ بیوروکریسی کے مزاج اور طریقہ کار سے بھی خوب آگاہ ہیں۔ چوہدری پرویز الہی سیاست میں خدمت کی روایت کو آگے بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔ اس سلسلہ میں پنجاب میں زبیر احمد خان کو چیئرمین شکایت سیل مقرر کیا اور انہیں ٹاسک دیا کہ اضلاع کی سطح پر کمپلین سیل کو موثر کریں۔ چیئرمین شکایت سیل پنجاب زبیر احمد خان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ شکایت سیل کے چیئرمین اور دیگر عہدیداران اینٹی سموگ، منشیات کی روک تھام کیلئے اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملکر اقدامات کریں گے۔ حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی اور وزیر اعلیٰ شکایت سیل باقاعدہ اضلاع کی کارکردگی کو مانیٹر کریگی۔ پنجاب میں کمپلین سیل کے ذمہ داران کے چناو میں متحرک شخصیات کو ترجیح دی گئی۔ شکایت سیل نے باقاعدہ کام شروع کیا تو اسکے بہتر نتائج سامنے آنے لگے۔
    راقم الحروف نے ضلع اور ڈویژن کی سطح پر کمپلین سیل کے چیرمینز سے ملاقات کی انکے طریقہ کارکو سمجھنے کی کوشش کی تو مشاہدہ میں آیا کہ یہ صرف اپنے دفتر میں عوامی شکایت ہی نہیں سنتے بلکہ سرکاری محکمہ جات میں خود اچانک دورہ کرکے عوامی مسائل سنتے اور انکے ازالہ کے لیے حکومتی اقدامات اور دعوے عام طور پر فائل ورک اور فوٹو سیشن تک ہی محدود ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شخصیات اور چہرے بدلتے ہیں پر عام آدمی کے مسائل کم نہیں ہوتے۔نمود ونمائش، بیانات اور بریفینگ سب ہوتا ہے لیکن دفاتر میں عوام کی شنوائی خواب ہی رہتی ہے۔اس صورتحال کی بنیادی وجہ چوہدراہٹ کی خواہش ہے یہی ہماری سیاست کا چلن ہے۔ مقامی طور پر سیاسی دوستوں کو نوازنا ہی مقصد ہوتا ہے۔ عوام کی بجائے شخصیات اہم رہتی ہیں۔ان حقائق سے انکار ممکن نہیں۔ سوال یہ ہے کیا یہ ایسے ہی چلتا رہے گا یا ہم بہتری کی طرف بھی قدم بڑھائیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب شکایت سیل کو قائم رکھتے وقت بہتری کو مدنظر رکھا گیا۔ راقم الحروف کی چیرمین شکایت سیل ساہیوال ڈویژن میاں عمر جیویکا سے ملاقات رہی۔ انکا انتخاب قیادت کی طرف سے ایک دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ ضلع اوکاڑہ میں چوہدری عرفان اور عتیق اسلم راجپوت کی تقرری سے بھی وزیراعلی پنجاب کا پر عزم ہونا ظاہر ہوتا ہے۔ وہ حقیقت میں عوامی مسائل کا فوری حل چاہتے ہیں۔ بیورکریسی کوعوام کے ساتھ مل کر کام کرتے دیکھنے کے خواہاں ہیں۔افسر شاہی نہیں عوامی راج کل نہیں آج یہ ایک دلفریب نعرہ نہیں وقت کی ضرورت ہے۔دفاتر میں عام آدمی مسائل کے حل کے لیے آتے ہیں اور بند کمروں میں بیورکریسی کے نمائندے افسران کو آل از ویل کاغذات میں دکھا سکتے ہیں حقیقت میں نہیں۔عوام کے نمائندے عوام کو جوابدہ ہوتے ہیں انہیں عوام کا سامنا کرنا ہی ہوتا ہے اس لیے وہ عوام کی خدمت کو اہم سمجھتے ہیں۔ عوامی نمائندے ٹرانسفر پوسٹنگ کے محتاج نہیں ہوتے۔افسر شاہی کے رویہ سے عوام میں بددلی پھیلتی ہے۔ فوری طور پر انقلابی تبدیلیاں ممکن نہیں ہوتی۔ اس کے لیے سوچ کو بدلنا ضروری ہے۔ یہ وقت طلب کام ہے۔سردست بیوروکریسی کا عوام سے تعاون ضروری ہے۔ کھلی کچہریاں ہوں یا چوبیس گھنٹے دروازے کھلے رہنے کے بیوروکریسی کے دعوے نتائج نہیں دے سکتے۔ اضلاع کی سطح پر افسران مقامی میڈیا کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔ان مسائل کا فوری حل اور بتدریج بہتری شکایت سیل کے قیام اور کارکردگی سے ہی ممکن ہے۔
    سکھا دیتی ہے قدرت جن کو اندازِ جہانبانی
    وہ ہر الجھی ہوئی گتھی کو سلجھایا ہی کرتے ہیں
    اس لیے سیاسی مخالفت یا حمایت سے بالاتر ہوکر وزیراعلی پنجاب کے اس احسن اقدام کی تعریف ضروری ہے۔تنقید کے ساتھ بہتری کے لیے سفارشات دینا میڈیا پرسنز کا فرض ہے۔ ماننا پڑ تا ہے سب مل کر ہی آسانیاں بانٹ سکتے ہیں کوئی فرد واحد یا ادارہ بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ شکایت سیل کی ماہانہ کی بنیاد پر کارکردگی کو جانچیں اور بہترین کام کرنے والوں کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے اور عہدے کو نمائش کے لیے استعمال کرنے والوں کو ہٹانے کی پالیسی پر کام کیا جائے۔سیاست نفرت اور تعصب نہیں سکھاتی۔دین بھی عوامی خدمت کو ذاتی نفلی عبادت سے افضل گردانتا ھے شرط یہ کہ ہے دین کا صحیح فہم حاصل کرکے خو د بھی اور معاشرے کو بھی عقیدہ اور رنگ و نسل کے امتیاز سے ہٹ کر انسانی خدمت، فلاح و بہبود اور آسانیاں بانٹنے کے مشن پر لگا دیا جائے کیونکہ اللہ کریم صرف اسی بندے سے پیار کرتا ھے جو اس کے بندوں سے پیار کرتا ھے۔ بقول شاعر
    تمنا درد دل کی ہو تو کر خدمت فقیروں کی
    نہیں ملتا یہ گوہر بادشاہوں کے خزینوں میں

    298 مناظر