• ایران میں احتجاج اور بے چینی

    تحریر:سلمان احمد قریشی

    ہمارے ہمسایہ ملک ایران میں انقلابِ ایران یا انقلابِ اسلامی ایران کی اصطلاح 1979ء میں ایران میں آنے والے اسلامی انقلاب کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔اس انقلاب کی قیادت ایرانی رہنما آیت اللہ خمینی نے کی۔ انقلاب سے ایران میں محمد رضا شاہ پہلوی کی بادشاہت کا خاتمہ ہوا تو اسلامی جمہوریہ ایران وجود میں آیا۔ اسلامی انقلاب دنیا بھر میں ایک ایسا نظام ایجاد کرنے کی کوشش میں ہے جس کی بنیاد مذہب پر ہے۔ 1979ئسے آج تک ایران بیرونی دنیا سے الگ اپنی منزل کی تلاش میں ہے۔ایرانی انقلاب پر بہت کچھ لکھا جا چکا ہے۔ اس طرزِ حکومت کے حامیوں اور مخالفین کی کوئی کمی نہیں۔ایرانی انقلاب کو ایرانی حدود سے باہر پھیلانے کی کوششیں بھی کی گئی۔لیکن دنیا میں سب سے مقبول اور رائج طرزِ حکومت جمہوریت ہی پروان چڑھی۔سرمایہ دارانہ جمہوریت کے سامنے کیمونزم اور مذہبی بنیادوں پر لائے جانے والے انقلاب زیادہ کامیاب نہیں ہوئے۔
    قارئین کرام! انقلاب کے بعد سے ایران عالمی تنہائی کا شکار ہے آج کل ایران کا سب سے اہم مسئلہ بے روزگاری اور مہنگائی ہے۔گذشتہ چند برسوں میں بڑھتی بے روزگاری نے زیادہ تر نوجوان طبقے کو متاثر کیا ہے۔ورلڈ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح 40 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ تیل کی برآمدات پر انحصار کرنے والے ایران میں گزشتہ چار دہائیوں میں حالات بد سے بدتر ہوتے دیکھے گئے ہیں۔1976 میں ایران کی فی کس قومی آمدن 10 ہزار 200 امریکی ڈالر سے کم ہو کر 2017 میں چھ ہزار 900 امریکی ڈالر رہ گئی۔اس کے نتیجے میں بہت سے ایرانی غربت کے گرداب میں پھنس گئے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق غربت کی لکیر کے نیچے رہنے والے افراد کی تعداد میں تقریباً 40 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ ایران میں وہ افراد غربت کی لکیر کے نیچے تصور کیے جاتے ہیں جن کی ماہانہ آمدنی 46 ڈالر سے کم ہوتی ہے۔امریکی پابندیوں نے ایران کی معیشت پر انتہائی خراب اثرات مرتب کیے۔ایران کے ایٹمی پروگرام کے نتیجے میں عائد پابندیاں بھی معیشت میں بگاڑ کی ایک وجہ ہے۔
    ایرانی کرنسی کو ڈالر کے مقابلے میں انتہائی گراوٹ کا سامنا ہے۔مہنگائی کی شرح 45 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں تقریباً 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ کئی برسوں کے دوران ایران میں معاشی مشکلات کے نتیجہ میں کئی بحرانوں نے جنم لیا۔ جس کے بعد ملک گیر احتجاج دیکھنے میں آیا۔ملک میں شدید بے چینی رہی۔حال ہی میں احتجاج کی ایک نئی لہر نمودار ہوئی۔لیکن موجودہ لہر ایران میں مذہب کی بنیاد پر قائم کی گئی حکومت کی ایک علامت یعنی حجاب کی پابندی کے خلاف اٹھی ہے۔ایران میں خواتین پر گھر سے باہر نکلتے ہوئے سر کو ’حجاب‘ سے ڈھانپنا لازم ہے، جس میں ان کے سر کے تمام بال چھپے ہونا ضروری ہیں۔ اس کے ساتھ خواتین کو ایسے ڈھیلے ڈھالے لباس پہننے کی ہدایت کی گئی ہے، جس میں ان کے جسمانی خدو خال نمایاں نہ ہوں۔
    موجودہ احتجاج ایران میں ایک طالبہ کی ہلاکت کے باعث شروع ہوا۔ ایران میں صحیح حجاب نہ پہننے پر گرفتار طالبہ مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے شدت اختیار کر گئے ہیں۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ دورانِ حراست مہسا امینی پر سخت تشدد کیا گیا اور سر پر بھاری ضرب لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی۔ البتہ ایرانی حکام اس الزام کی تردید کر رہے ہیں۔امریکہ، اقوامِ متحدہ سمیت کئی ملکوں نے مہسا امینی کی ہلاکت اور مظاہروں کے خلاف ایرانی حکومت کے ردِّعمل کی مذمت کی ہے۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق احتجاج کے دوران کم و بیش 41 مظاہرین اور پولیس اہل کار ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 13 مظاہرین ہلاک اور 1400 مظاہرین گرفتار کیے گئے ہیں۔مظاہرین کو اکسانے کے الزام میں سابق صدر ہاشمی رفسنجانی کی بیٹی کو گرفتار کرلیا گیا۔ شدت پسندایرانی رکن پارلیمنٹ محمود نیویان نے مظاہروں میں حجاب اترانے والی خواتین کو طوائفیں قرار دے دیا۔اس ہنگامہ خیزی میں ایران کے سابق بادشاہ کے صاحبزادے نے اسے خواتین کا ایک تاریخی انقلاب قرار دیتے ہوئے اسکا خیر مقدم کیا۔ دوسری طرف ایک اور تعجب خیز خبر طالبان کیافغانستان سے آئی کہ ایرانی پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والی نوجوان خاتون کے حق میں 25 کے قریب افغانی خواتین نے ایرانی سفارتخانے کے باہر احتجاج کی کوشش کی۔تاہم طالبان کی سکیورٹی فورس نے ہوائی فائرنگ کر کے انہیں منتشر کر دیا۔ اس احتجاج کے دروان اٹھائے گے بینر بہت غور طلب ہیں جن پر درج تھا کہ ”ایران گیا اب ہماری باری ہے” کابل سے ایران تک آمریت نہیں چاہیے” اور اس طرح کے دوسرے نعرے درج تھے۔ان نعروں کی گونج بھلے سنائی نہ دے لیکن اس خطہ کی خواتین کیا سوچ رکھتی ہیں اور کیا چاہتی ہیں یہ سمجھنا مشکل نہیں۔سوچ پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔جبر سے فیصلوں پر عملدرآمد کروایا جا سکتا ہے لیکن فکر کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
    ایک عام سی بات کہ امریکہ یا مغربی ممالک ہمیں مغرب کلچر اپنانے پر مجبور کرتے ہیں ایک بہت ہی بوسیدہ دلیل ہے۔ ایسا اس لیے کیا جاتا ہے کہ ہم حقیقت سے آنکھیں ملانا نہیں چاہتے۔ پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک میں خواتین ہر میدان میں اپنا آپ منوانا چاہتی ہیں۔یہاں دین سے بیزاری یا مغرب زدہ سوچ کار فرما نہیں۔معاملہ صرف اپنے حقوق کے شعور اور اس کے لیے آواز اٹھانے کا ہے۔ راقم الحروف کو تین بار ایران جانے کا اتفاق ہوا۔ ذاتی طور پر مشاہدہ میں آیا کہ انقلاب کی پابندیوں سے بیزاری بڑھتی جا رہی ہے۔ کچھ ایرانی شہری تہران سے آزربائیجان کے دارلحکومت باکو تک ساتھ رہے۔ ایرانی حدود سے باہر ایرانی شہری انقلاب کے نام پر پابندیوں سے نا خوش تھے۔ ان میں خواتین سرِفہرست تھیں۔سب ایرانی اپنے ملک کو صرف امریکہ مخالف اور خواتین کے ساتھ سختی کرنے والے رویہ کے ساتھ دیکھنا نہیں چاہتے۔ ایران کے باشندے ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک کی آرزو رکھتے ہیں۔ایسا ملک جہاں اسلامی قوانین ضرور ہو لیکن کسی کی آمریت اور جبر نہ ہو۔
    ایرانی حکام اس احتجاج پر قابو پانے میں کامیاب بھی رہے لیکن یہ سوچ ایرانی معاشرہ میں موجود رہے گی۔ایران بھی سعودی عرب کی طرح اصلاح اور جدیدیت کی طرف بڑھے گا۔ سعودی عرب میں خوشحالی ہے جبکہ ایران کو دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے جس میں مہنگائی سرِفہرست ہے۔افغانستان میں طالبان حکومت بھی سخت پالیسیوں کو لیکر آگے نہیں بڑھ سکتی۔ دنیا ایک گلوبل ولیج بن چکی ہے اب دنیا کے ساتھ ہم قدم ہو کر ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ ایران میں موجود بے چینی کو جبر کے ذریعے ختم کرنا ممکن نہیں۔امریکی ایجنڈے کے تحت تبدیلی قابلِ قبول نہیں لیکن خطہ میں عوامی خواہشات کا احترام ضروری ہے۔بین الاقوامی سطح پر ایرانی حکام سے مطالبہ ہے کہ وہ حکومت کے خلاف پرامن مظاہروں کے بارے میں جبر کو روکے۔

    235 مناظر