• تاریخ میں ناانصافی

    تاریخ میں ناانصافی

    تحریر: سلمان احمد قریشی

    ہمیشہ سے حکمران تاریخ سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کی بجائے اپنی پسند کی تاریخ لکھوانے، پڑھنے اور پڑھانے کیااصول پر کاربند رہے۔ایک تاریخ ہمیشہ شاہی درباروں میں لکھی جاتی رہی جو ہمارے نصاب کا حصہ ہے جبکہ شاہی تاریخ میں مکمل سچ نہیں ہو سکتا۔لیکن اسکے ساتھ ساتھ حقائق اور حقیقتیں نسل در نسل منتقل ہونے کا سلسلہ بھی رُکا نہیں۔پاکستان میں بھی اشرافیہ کی تاریخ لکھنے کا رجحان بہت زیادہ رہا۔علاقائی تاریخ کو ہمیشہ سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔
    تاریخی واقعات کی ورق گردانی کریں تو یہ عیاں ہو جاتا ہے کہ اقتدار و طاقت کے نشے میں مست حکمران اور انکے ساتھی ہی صفِ اول میں نظر آتے ہیں۔ دولت و شہرت کے مقابلے میں انصاف کا قتل اور ظلم و استہزاء کی بھیانک و انسانیت سوز داستانیں رقم ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔حکمرانوں کی خواہش پر مُرتّبہ تاریخ اور عوام کے لیے قابلِ قبول حقیقت ایک ساتھ سننے کو ملتی ہے۔
    قارئین کرام! اسلامی تاریخ میں بھی واقعات مختلف انداز سے درج ہیں۔تاریخِ ہند پڑھنا شروع کریں یا تاریخِ پاکستان، تضادات موجود ہیں۔تحقیق اور مستند تاریخ کا مطالعہ صرف اپنے ذوق، خواہش عقیدہ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔تاریخِ پاکستان کے حوالہ میں ریاست کا موقف ہی بنیاد ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ ریاست کا موقف حقیقت پر مبنی ہو گا یا اپنی ضرورت کے مطابق ہو گا۔اسکا سادہ سا جواب وقت کے ضرورت کے تابع ہونا ہے۔ریاست اور تاریخ پر حکمران طبقہ کی خواہش، ضروریات کا غلبہ فطری ہے۔تاریخ ایک بہت وسیع مضمون ہے۔ اس کو احاطہ تحریر میں لانے کے لیے تحقیق بہت ضروری ہے۔ اب ہم تحقیق کے میدان میں کتنا آگے ہیں اس حقیقت سے سب آگاہ ہیں۔سائنس جو تجربہ اور تحقیق کی بنیاد پر آگے بڑھتی ہے اس میں ہمارا کردار قابلِ ذکر نہیں۔اب عمرانی علوم میں تحقیق کا معیار کیا ہوگا۔۔۔؟ مختصر لکھیں تو ایم فل اور پی ایچ ڈی کے تحقیقی مقالاجات لکھے ہوئے باآسانی مل جاتے ہیں۔ریسرچر کا ٹائٹل اور ایک ہی قسم کی باتیں مختلف انداز میں سننے کو ملتی ہیں۔ایک نامور شخصیت کے ساتھ راہ و رسم اور اس کی شہرت کی بنیاد پر معاشرہ میں کہنے اور پڑھانے والے بہت ہیں۔تاریخ میں ناانصافی، اسکی نشاندہی اور درستگی پر کام محدود ہے۔تاریخ کی درستگی اور اس سے سبق لینے کی روایت ابھی پروان نہیں چڑھ سکی۔قوموں کی تعمیر اور مستقبل کا سفر طے کرنے کیلئے بہرحال تاریخی حقائق لازمی حیثیت رکھتے ہیں۔تاریخ چاہے حَسین و تابناک ہو یا کڑوی اور شرم ناک ان سے دامن بچانا اور اسے اپنی پسند کے مطابق ڈھالنا ملک دوستی یا قوم پرستی نہیں کہی جا سکتی ہے۔ ملک و قوم کو اپنا سفر طے کرنے کیلئے ماضی کی غلطیوں کو درست کرنا پڑتا ہے اور یہ غلطیاں اور کوتاہیاں ہمیں حقیقی اور درست تاریخ میں ہی مل سکتی ہیں۔انسانی ارتقاء کے اصول کے مطابق انسان کا ماضی، حال اور مستقبل آپس میں جڑا ہوا ہوتا ہے۔ ماضی کے تجربے اور حال کی فعالیت کو جوڑ کر ہی انسان اپنے روشن مستقبل کی تعمیر کرتا ہے۔
    ہمارے ساتھ ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ پاکستان ایک کثیر القومی اور کثیر اللسانی ملک ہے۔جب کہ قومی زبان کو یکجہتی کی علامت کے طور پر فروغ دینے کی سوچ سے بہت کچھ پس منظر میں چلا گیا۔ ہم اس بات کو ماننے میں فراخ دل نہیں کہ پاکستان میں پنجابی، سندھی، پختون، بلوچی، سرائیکی، پوٹھوہاری اور ہزارہ وال سمیت مختلف اقوام ہیں۔اس حد تک تنگ نظر ہوجاتے ہیں کہ سرائیکی کو پنجابی کے ساتھ منسلک کرنا حب الوطنی سمجھتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ خطے کے محکوم و مظلوم دراصل باغ و بہار شخصیات انکے کردار، قربانیاں اور کارنامے، بلند فکر نظریات روایتی تاریخ اور تعلمیی نصاب میں نظروں سے اوجھل ہوجاتے ہیں۔قومی سطح پر ایک قابلِ رشک تاریخ ہے دوسری طرف نسل در نسل علاقائی ہیرو بھی زندہ و جاوید ہیں۔ خاص خطہ اور اقوام اپنے ہیروز کو یاد کرتی ہیں۔ہمارے ہاں ریاست اور نصاب کے تابع فکر نہیں پائی جاتی۔ خطہ نیلی بار اور سندل بار سے تعلق رکھنے والی شخصیت رائے احمد خان کھرل ایک ایسا ہی کردار ہے جسے اٹھارہ سو ستاون کی جنگِ آزادی کے ہیرو اور انگریز کے ظلم و جبر کے خلاف بغاوت کی علامت سمجھا جاتا ہے وہ اکیس ستمبر اٹھارہ سو ستاون کو شہید کردیئے گئے تھے۔رائے احمد کھرل اٹھارہ سو باون کو نئے بنائے گئے ضلع گوگیرہ سے چند کلو میٹر دور دریائے راوی کے پار کے علاقہ جھامرہ کے سردار تھے۔روایت ہے انگریزوں نے بغاوت کچلنے کے لئے گوگیرہ میں تعینات اس وقت کے اسسٹنٹ کمشنر لیو کولڈ برکلے کو مقامی قبائل کے سرداروں کو گھوڑے اور جوان طلب کرنے کا کہا تو رائے احمد کھرل کا جواب تھا ” ہم اپنا گھوڑا، عورت، اور زمین کسی کے حوالے نہیں کرتے” علمِ بغاوت بلند کرنے کے جرم میں اپنوں کی غداری کا سہارا لیتے ہوئے اکیس ستمبر اٹھارہ سو ستاون کو ان کا سر تن سے جدا کر کے گوگیرہ جیل کے دروازے پر لٹکا دیا گیا بھلاحریت پسندوں کی سزا کب معاف ہوتی ہے۔۔؟اس دور میں انہیں غدار کہا گیا اور ان کی سپاہ کو جانگلی قرار دیا گیا۔برکلے کی قبر کا نشان تو بنگلہ گوگیرہ میں ہے مگر گوگیرہ آزادی کیبعد بھی یونین کونسل ہی رہا۔ایسا صرف بنگلہ گوگیرہ کے ساتھ ہی نہیں ہوا بلکہ اس طرح کی متعدد مثالیں موجود ہیں۔
    آج ہمارے پاس تاریخ کی زندہ روایات تو موجود ہیں لیکن کوئی ایسی یادگار یا رائے احمد کھرل سے منسوب چیزیں میوزیم کا حصہ نہیں جنہیں نسلِ نَو کو دکھایا اور بتایا جا سکے کہ رائے احمد کھرل نے اپنی تلوار سے انگریرزوں اور اس کے گماشتوں کا مقابلہ کیا۔ میر جعفروں اور میر صادقوں نے ان کا سر تن سے جدا کروا دیا لیکن ان کی برسی منانے کا سلسلہ آج تک جاری و ساری ہے نصابی کتب میں ایسے ہیروز کا ذکر نہ ملنا تعجب کی بات نہیں کیونکہ قوم سے غداری کے عوض جاگیریں پانے والے گدی نشین اور انگریز کے وفاداروں کی اولادیں آج بھی حکومت میں شامل اور حصہ دار ہیں۔
    ایک رائے احمد کھرل ہی نہیں ملک بھر میں بہت سے ایسے ہیرو ہیں جنہیں نظر انداز کیا گیا۔21ستمبر کو گورنمنٹ گرایجویٹ کالج اوکاڑہ میں اولڈ بارئینز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام رائے احمد کھرل سے اظہار عقیدت کے لیے تقریب منعقد ہوئی۔اس میں یہ قرار داد پیش کی گئی کہ اوکاڑہ شہر کی کوئی ا یک سڑک یا چوک کو رائے احمد کے نام سے منسوب کیا جائے۔ اس تقریب میں ممتاز مقامی شخصیات شریک تھیں۔مقامی افراد نے رائے احمد کھرل کو زندہ رکھا اب یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوامی امنگوں کے مطابق فیصلہ کرے تاکہ تاریخ میں درج نا انصافی کا ازالہ ہوسکے۔

    246 مناظر