گرینڈ ڈائیلاگ وقت کا تقاضہ
تحریر: سلمان احمد قریشی
سالِ رواں کے آغاز کے ساتھ ہی میدانِ سیاست میں ہلچل شروع ہوئی۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو پہلے پی پی پی کے عوامی مارچ کا سامنا کرنا پڑا اسکے بعد مسلم لیگ ن سڑکوں پر آئی۔ جلسے جلوس منعقد ہوئے اور بالاخر آصف علی زرداری کی سیاسی حکمتِ عملی کامیاب ہوئی تحریکِ عدم اعتماد سے عمران خان کو رخصت کر دیا گیا۔ملکی تاریخ میں پہلی بار پارلیمینٹ میں عددی اکثریت کی تبدیلی کی صورت میں حکومت رخصت ہوئی۔سیاسی عدم استحکام کا براہِ راست اثر ملکی اقتصادی صورتحال پر ہوتا ہے۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا۔ میاں شہباز شریف نے بطور اپوزیشن لیڈر پہلے بھی میثاقِ معیشت کی بات کی تھی لیکن اس تجویز کو تبدیلی سرکار نے این آر او قرار دے کر اس کا مذاق اڑایا۔ عمران خان سیاسی حریفوں کے ساتھ ڈائیلاگ پر تیار نہ ہوئے۔
قارئین کرام! سیاسی محاذ آرائی اور عدم برداشت نے ملکی صورتحال اس حد تک خراب کر دی کہ آج مہنگائی کا سیلاب روکنے میں نہیں آ رہا۔سیاسی بیان بازی اور پوائنٹ سکورنگ سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سیاسی وابستگیاں ملکی مفاد سے اہم ہو چکی ہیں۔ اس سیاسی مخالفت میں اداروں کو بھی نشانہ پر لیا گیا۔ سیاسی کھیل کے بھی کچھ اصول ہیں لیکن پاکستان میں سیاسی قیادت ایک دوسرے کو ختم کرنے کے دم پر ہیں۔عمران خان نے تو حد کر دی ایسی بات کہہ دی جس سے سب محبُ الوطن پاکستانیوں کے دل دہل گۓ۔خدانخواستہ ملک کے ٹکڑے ہوجائیں گے۔ اس خدشہ کا اظہار عمران خان نے کس بنیاد پر کیا۔۔۔؟ پی ٹی آئی کو اپنی سیاسی حکمتِ عملی پر غور کرنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کہ کس طرح غیر لچک دار رویہ اپنائے رکھا جس وجہ سے کرپشن پر سزائیں تو کیا ہوتی سیاسی انتقام کا مزید تاثر ابھرا۔ سولو فلائیٹ کے چکر میں عوام کو ہی چکر میں ڈال دیا۔ تمام ترحکومتی ناکامیوں کو غلامی نا منظور کے نعرے کے پیچھے چھپا دیا۔معشیت کی بربادی اور نا اہلی کسی بھی ناکامی پر جواب دے ہونے کی بجائے آزاد خارجہ پالیسی کا نعرہ مستانہ لگا دیا گیا۔ پاکستان کی تاریخ میں تین بار امریکی دباؤ مکمل طور پر مسترد ہوا ۔پہلی بار جب پاکستان کا نیوکلیٸر پروگرام شروع ہوا، دوسری بار جب چین سے سی پیک معاہدہ ہوا اور تیسری بار اُس وقت ایسا محسوس ہوا جب پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ ہوا۔ کیسا اتفاق ہے تینوں بار پاکستان پیپلز پارٹی کی دلیر اور ملکی مفادات پر سمجھوتہ نہ کرنیوالی قیادت کی حکومت تھی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر گرینڈ ڈائیلاک کی بات کی جسے عمران خان نے پھر مسترد کر دیا۔ جب پی ڈی ایم الیکشن کا مطالبہ کر رہی تھی تو پی ٹی آئی کی اقتدار پر قابض رہنا ترجہی تھی آج فوری الیکشن کے مطالبے کے علاوہ باقی سب کچھ مسترد کر دینا قابلِ افسوس ہے۔
سیاست میں مفاہمت بہترین پالیسی اور حکمتِ عملی ہے۔ اس خواہش کو مک مکا سمجھنے والے سیاست کے بنیادی اصولوں کے خلاف کھڑے ہیں۔ سیاست مخالفین کو ذلیل کرنے کا نام نہیں یہ عوامی مشکلات کو کم کرنے کی سائنس ہے۔ اس حقیقت سے انکار کر کے آگے نہیں بڑھا جا سکتا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام آ سکتا ہے۔ میثاقِ معیشت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ میثاقِ معیشت کے تحت ایسے اہداف طے کیے جائیں جنہیں تبدیل نہ کیا جا سکے، پالیسیوں میں تسلسل کے لیے میثاق معیشت نا گزیر ہے۔کوئی بھی برسرِاقتدار آئے لیکن قومی مفادات متاثر نہ ہو سکیں۔ آزاد خارجہ پالیسی کے لیے سیاسی حکمت عملی کی تبدیلی ضروری ہے اقتدار ضروری نہیں۔ آج گرئنڈ ڈائیلاگ سے انکار وطن عزیز کی سلامتی کے لیے اصل خطرہ ہے۔ دانشمندی کا تقاضہ ہے کہ ملکی سیاسی قیادت مل کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کرے۔