
عدلیہ کی تضحیک قبول نہیں، عمران خان سے ادارے کی عزت کی بات کی: ثاقب نثار
جسٹس (ر) ثاقب نثار کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، سابق چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کی تضحیک قبول نہیں، عمران خان سے ملاقات کے دوران عدلیہ کی عزت کی بات کی۔
ذرائع کے مطابق سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے زمان پارک میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ثاقب نثار عمران خان کی خواہش پر ان سے ملنے پہنچے، عمران خان نے ثاقب نثار کو قانونی مشوروں کے لئے بلایا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ نے آج تک گورنر کو حلف لینے کا حکم جاری کیا ہوا ہے۔ دونوں کے درمیان وزیراعلیٰ کے حلف پر ہائی کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران عدلیہ کی عزت کی بات کی، عدلیہ کی تضحیک قابل قبول نہیں ہے، عدلیہ پر تنقید نہیں ہونی چاہیے، اعلیٰ عدلیہ کے تمام ججز ایماندار اور دیانتدار ہیں، عمران خان نے میری تمام باتوں سے اتفاق کیا ہے۔
157 مناظر