• صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف کا فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

    صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی اصولی، سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابل اعتبار سیاسی عمل کو آگے بڑھائے۔
    فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ غزہ میں شہریوں کی جانوں کا ضیاع، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی، جبری بے دخلی اور اشیائے ضروریہ کی قلت کے ساتھ جاری انسانی بحران انتہائی تشویش ناک ہے، جو ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں عالمی برادری کی ناکامی کا مظہر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی ہماری قومیت کی بنیادوں میں پیوست ہے، فلسطین کے ساتھ پاکستان کی وابستگی پاکستان کی آزادی سے بھی پہلے کی ہے، اسی میراث کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور منصفانہ اور پرامن تصفیہ کی وکالت کرتا رہے گا۔

    صدر زرداری نے فلسطینی عوام کی جرات اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی کاز کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

    انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ محض تشویش سے آگے بڑھ کر فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے، خلاف ورزیوں پر جوابدہی یقینی بنانے، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کی آزادی، وقار اور ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے عوام کئی دہائیوں سے غیر قانونی قبضے، بے دخلی اور تشدد کے نتائج بھگت رہے ہیں، غزہ میں انسانی مصائب، بنیادی ڈھانچے کی تباہی، جبری بے دخلی اور مسلسل بحران عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی کراتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین پر پاکستان نے ہمیشہ اصولی اور غیر متزلزل مؤقف اختیار کیا ہے، پاکستان نے غزہ تنازع کے خاتمے کیلئے جامع منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے سات دیگر عرب اور اسلامی ممالک کے ہمراہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کی حمایت کی، جس سے فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور ریاستی تشخص کے لیے قابل اعتماد اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کی راہ ہموار ہوئی، جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے تاکہ غزہ کے عوام تک انسانی امداد بلا رکاوٹ پہنچے اور تعمیر نو کا عمل بلا تاخیر شروع ہو۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے کسی حصے کو ضم کرنے، جبری بے دخلی یا ان کے جغرافیائی اور آبادیاتی تشخص میں تبدیلی کی کسی کوشش کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے، پاکستان مسجد اقصیٰ الحرم الشریف میں اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں اور القدس کی تاریخی و قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    صدر مملکت اور وزیراعظم نے مشترکہ طور پر پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور عرب امن اقدام کے مطابق جون 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر القدس الشریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام اور فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کرتا ہے۔

    70 مناظر