• وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خلا باز محمد ذیشان سے براہ راست رابطہ

    وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خلائی سٹیشن پر موجود پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کی۔
    وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے سپارکو کا دورہ کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلا باز ذیشان علی سے براہِ راست رابطہ کیا، یہ رابطہ پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے، جس کے ذریعے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو مدارِ زمین میں موجود اپنے خلاباز سے براہِ راست گفتگو کا موقع ملا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے، محمد ذیشان علی پہلے پاکستانی خلا باز ہیں، ان کی کامیابی پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔
    چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے ذیشان سے کہا کہ پوری قوم کو آپ کی کامیابی پر فخر ہے، مسلح افواج کو بھی اس تاریخی کامیابی پر فخر ہے، پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچا اور اس نے یہ عظیم کامیابی حاصل کی۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے، پاکستان چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے، خلا میں موجودگی پاکستانی نوجوانوں کے لیے علامہ اقبال کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔

    اس موقع پر ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے، زمین سے 400 کلو میٹر بلندی پر 7.9 کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں۔

    خلا باز ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعثِ فخر ہے، آپ کے حوصلہ افزا کلمات اور نیک تمناؤں پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں، طے شدہ منصوبے کے مطابق ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
    ذیشان علی نے مزید کہا کہ چین کے خلائی اسٹیشن پر اپنی ذمہ داریاں اور تحقیقی کام پوری لگن سے کر رہا ہوں۔

    اس سے قبل ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینزو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچے تھے، وہ اس مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شامل ہیں اور چین کے 2 خلابازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ خلائی سٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

    خلائی مشن کے دوران پاکستانی خلاباز چین کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات میں حصہ لے رہے ہیں، ان سرگرمیوں میں تجرباتی نمونوں اور آلات کی تنصیب، ان کی کارکردگی کا جائزہ اور خرد ثقلی ماحول میں مختلف سائنسی تجربات شامل ہیں۔

    64 مناظر