
نئے صوبوں کیلئے آئینی طریقہ کار پر عمل ضروری ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ طلبہ یونینز نوجوانوں میں قیادت پیدا کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتی ہیں، جبکہ پنجاب کی تقسیم کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری لینا آئینی تقاضا ہے، ریفرنڈم اس کا متبادل نہیں بن سکتا۔ ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر آئینی اور سیاسی دونوں پہلوؤں سے بحث ہونی چاہیے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ طلبہ یونینز کے ذریعے جامعات میں ایسی نسل تیار کی جا سکتی ہے جو مستقبل میں اپنے اپنے شعبوں میں قیادت کا کردار ادا کرے۔ نوجوانوں کی تربیت اور مستقبل کی قیادت تیار کرنے کے لیے طلبہ یونینز اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ آئین پاکستان میں اس کے لیے واضح طریقہ کار موجود ہے۔ آئین کے تحت قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو آئینی ترمیم کا اختیار حاصل ہے۔ آرٹیکل 239 کی شق ایک اور دو کے تحت آئینی ترمیم کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت ضروری ہے، جبکہ صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے بھی دو تہائی اکثریت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تقسیم کے لیے پنجاب اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری لینا آئینی تقاضا ہے۔ آرٹیکل 239 کی شق چار صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری لازم قرار دیتی ہے۔ ریفرنڈم اس آئینی طریقہ کار کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر پیپلز پارٹی کا اعتراض اپنی جگہ درست ہے۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ نئے صوبے آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق ہی بنائے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے 2012 میں پنجاب کی تقسیم اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق قراردادیں پارلیمنٹ میں پیش کی تھیں۔ فردوس عاشق اعوان کے بجائے فرحت اللہ بابر نے سینیٹ میں جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق قرارداد پیش کی تھی، جبکہ فاروق ایچ نائیک نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی تھی۔
ان کے مطابق 2012 میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سادہ اکثریت حاصل تھی۔ جنوبی پنجاب صوبے کی قراردادوں پر مسلم لیگ ن کے ارکان نے اعتراض کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا۔ مسلم لیگ ن کا مؤقف تھا کہ پنجاب کی تقسیم کا اختیار آئین کے آرٹیکل 239 کی شق چار کے تحت صوبائی اسمبلی کے پاس ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وفاقی مقننہ کی مرضی کا اظہار پارلیمنٹ کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب کی تقسیم کے لیے پارلیمنٹ میں اپنی سیاسی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس وقت پنجاب کی تقسیم کے لیے آبادی اور پسماندگی کو بنیاد بنایا گیا تھا، جبکہ جنوبی پنجاب میں بھی پسماندگی اور علیحدہ صوبے کے قیام کے مطالبات موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر یکساں اصول اور مؤقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر پنجاب کی تقسیم کے لیے آبادی اور پسماندگی دلیل ہے تو سندھ میں بھی ایسے عوامل موجود ہیں۔ صوبوں کی تقسیم کا حتمی فیصلہ متعلقہ صوبے کے عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
ریفرنڈم کی آئینی حیثیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل صوبہ سرحد کے پاکستان یا ہندوستان کے ساتھ الحاق کے معاملے پر ریفرنڈم کرایا گیا تھا۔ عوام سے پاکستان یا ہندوستان کے ساتھ الحاق کے بارے میں رائے لی گئی تھی، جبکہ باچا خان اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے پشتونستان کے قیام کا تیسرا آپشن بھی زیر بحث آیا تھا۔
ملک محمد احمد خان کے مطابق صوبہ سرحد کے ریفرنڈم میں دو لاکھ 82 ہزار ووٹرز نے پاکستان کے ساتھ الحاق کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ تقریباً دو سے تین ہزار ووٹرز نے ہندوستان کے ساتھ الحاق کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ اس ریفرنڈم میں 99 فیصد کے قریب ووٹ پاکستان کے حق میں آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے براہ راست فیصلے کو جمہوری عمل میں بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ جب عوام براہ راست اپنی رائے دے دیں تو نمائندوں کا فیصلہ عوامی رائے کے تابع ہو جاتا ہے۔ تاہم ریفرنڈم اور آئینی طریقہ کار دو الگ معاملات ہیں اور ریفرنڈم آرٹیکل 239 کی شق چار کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کی قیادت نے کرنا ہے۔ جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت اس معاملے پر فیصلہ کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر یونیورسٹیوں، نوجوانوں اور سول سوسائٹی میں بحث جاری ہے۔ نوجوانوں اور طلبہ میں صوبوں کی تقسیم اور انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے بحث خوش آئند ہے۔ حکومتی نظام کے مختلف ماڈلز پر بحث کرنا اچھی بات ہے۔
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ مقامی حکومتوں کا مضبوط نظام ہونا ضروری ہے۔ مضبوط لوکل گورنمنٹ کے قیام کے حوالے سے بھی وسیع اتفاق رائے اور قراردادیں موجود ہیں۔ انتظامی یونٹس کو چھوٹا کرنے اور نئے صوبے بنانے کے مطالبات پر کھلے دل سے بحث ہونی چاہیے۔
3 مناظر