
فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا، دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا اور دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پردانا پترا، پوتراجایا میں ملائیشیا کے وزیراعظم، داتؤ سری انور ابراہیم سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، دفاعی اور سلامتی تعاون، اور علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر غور کیا اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے کیلئے جاری رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشین وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی، اعتماد اور تعاون کے رشتے کو سراہا، انہوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ملائیشیا کی وابستگی کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں ملائیشیا کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی رابطوں کو مزید گہرا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں، فوجی تعاون کو بڑھانے اور علاقائی و بین الاقوامی سلامتی کے مسائل پر مسلسل مکالمے کے ذریعے دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشیا کی وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل کو ایک تقریب میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، چیف آف ڈیفنس فورسز ملائیشیا جنرل تان سری حاجی مالیک رزاق سلیمان اور ملائیشیا کی آرمی، رائل میرین اور رائل ایئر فورس کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشین وزیرِ دفاع داتو سری محمد خالد بن نوردین سے بھی اہم ملاقات کی جس میں عسکری روابط بڑھانے اور مسلح افواج میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، خصوصی تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ادارے کے باوقار ’’ہال آف فیم‘‘ کے 21 ویں رکن کے طور پر شامل کیا جائے گا۔
42 مناظر