• سعودیہ, چین کے بعد کویت کی 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانی

    پاکستان کو سعودی عرب کے بعد چین اور کویت نے بھی 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانی کرا دی۔
    ذرائع کے مطابق چین سے 4 ارب ڈالر اور کویت سے 30 کروڑ ڈالر قرض رول اوور کرایا جائے گا، سعودی عرب، چین اور کویت سے مجموعی طور پر 7.3 ارب ڈالر قرض رول اوور ملنا ہے۔

    وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق چین سے 4 ارب ڈالر مارچ 2027 میں قرض رول اوور کرایا جائے گا، تینوں ممالک سے تقریبا 1 سال کیلئے قرض کو رول اوور کرایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کو دسمبر میں آئی ایم ایف سے بھی 1.21 ارب ڈالر موصول جائیں گے، رواں مالی سال کیلئے 21 ارب ڈالر کی ادائیگیوں میں 7.3 ارب ڈالر رول اوور شامل ہے۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ 3 ارب ڈالر قرض رول اوور ہوچکا ہے، سعودی عرب کے قرض کا معاملہ مناسب وقت تک کے لیے موخر ہوگیا ہے۔

    محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس حوالے سے سعودی وزیر خزانہ کے ساتھ بہت اچھی میٹنگ ہوئی، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات ہیں، ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، سعودی عرب کی طرف سے مزید مالی معاونت کی فی الحال ضرورت نہیں ہے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے پاس تین ماہ کی درآمدات کا کور موجود ہے، ہر سال تقریباً ڈیڑھ ارب یورو بانڈ کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے، ہماری کوشش ہے کہ یورو بانڈ کی ادائیگی کے معاملے میں کسی بھی حکومت کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس دسمبر میں ہوسکتا ہے، تاہم ابھی تاریخ کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    39 مناظر