
مریم نواز سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں فرانس کے نئے سفیر ژاں نوئل پواریے نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی، اقتصادی، صنعتی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے فرانسیسی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے لاہور آمد پر شکریہ ادا کیا، ملاقات میں پنجاب اور فرانس کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی شراکت داری بڑھانے کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پواریے نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے فرانس کے دورے کی دعوت دی، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پیوٹ کے تحت پنجاب میں زراعت، صنعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی سطح پر براہ راست روابط کے ذریعے صنعتی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔
ملاقات میں جی ایس پی پلس کے معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات اور پنجاب کی صنعتی معیشت کے لیے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے، یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی تجارتی شراکت دار ہے اور یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی ملکی برآمدات کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل، ملبوسات، کھیلوں کے سامان اور چمڑے کی صنعت کے لیے یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی ناگزیر ہے، جبکہ نئے جی ایس پی پلس نظام کے تقاضوں سے ہم آہنگی پاکستان کے برآمدی مستقبل کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کے مستقبل کے لیے فرانس کے ساتھ مسلسل سفارتی روابط اور مؤثر مکالمہ ضروری ہے، فرانس ماضی میں وزارتی سطح پر پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی حمایت کر چکا ہے اور یورپی یونین میں پاکستان کے تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے فرانسیسی تعاون اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات کا حجم مالی سال 2025-26 میں تقریباً 8.96 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، انہوں نے فرانس کے ساتھ تجارتی اور صنعتی تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف نے پنجاب میں این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ سٹیشنوں کے لیے 180 ملین یورو قرض فراہم کرنے پر فرانس کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن ویسٹ واٹر گورننس پراجیکٹ کے لیے بھی فرانسیسی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور طویل المدتی ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور فرانس دہائیوں پر محیط دوستی کے رشتے میں منسلک ہیں اور معاشی تعاون کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 1789 کے انسانی حقوق کے فرانسیسی اعلامیے نے دنیا کو آزادی، مساوات اور انسانی وقار کا ایک پائیدار منشور دیا، فرانس کا فلسطین کو تسلیم کرنا اور انصاف و مساوی حقوق کے لیے اصولی مؤقف قابل تحسین ہے، فرانسیسی ڈیری، فوڈ پروسیسنگ اور کولڈ چین فرم زراعت میں ویلیو ایڈڈیشن کو بڑھا سکتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فرانسیسی یوٹیلیٹیز پی پی پی ماڈل کے تحت شہر کے پانی، گندے پانی اور سالڈ ویسٹ کی خدمات میں شراکت کر سکتی ہیں، فرانسیسی توانائی کمپنیاں صنعتی سٹیٹس میں سولر، گرڈ اور توانائی کی بچت کے منصوبوں اور، PIVOT کے صنعتی کلسٹرز کے لیے فرانسیسی ادارے پنجاب کی افرادی قوت کو تربیت دینے میں مدد کر سکتے ہیں۔
17 مناظر