
سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف کے گھر چوری
راولپنڈی میں جاتلی کے علاقے ڈھوک امب میں سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف کے گھر چوری ہو گئی۔
راجہ پرویز اشرف کے پرسنل سیکریٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس نے بتایا ہے کہ چور رہائش گاہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چرا کر لے گئے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق رہائش گاہ سے 3 اے سی، 2 دروازے، 2 کھڑکیاں اور دیگر سامان چوری ہوا ہے، ملزمان قالین، کراکری، ڈیکوریشن پیسز اور گھاس کاٹنے والی مشین بھی لے گئے۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ رہائش گاہ کے مختلف مقامات پر تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے، سابق وزیرِ اعظم کی رہائشگاہ پر تعینات گھریلو ملازم مبینہ طور پر غائب تھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے مطابق ملازم گزشتہ رات سے موجود نہیں، غائب ہونے والے ملازم کا موبائل فون بھی بند ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چوری شدہ سامان کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
19 مناظر