• مالدیپ کے صدر تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کے روز اسلام آباد پہنچ گئے۔
    دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چودھری اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے معزز مہمان اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

    مالدیپ کے صدارتی دفتر کے مطابق صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو ایئرپورٹ پر شاندار استقبال پیش کیا گیا اور ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

    یہ 11 سال بعد کسی مالدیپی صدر کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان 1966 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔

    صدر معیزو کے ہمراہ خاتون اول ساجدہ محمد، کابینہ کے وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ صدر مالدیپ کا بدھ کے روز وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبال کیا جائے گا۔

    اس سے قبل مالدیپ کے وزیر خارجہ بھی کابینہ کے وزرا اور سینئر حکام کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے تھے۔ ان کا استقبال ترجمان دفتر خارجہ، ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک، مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر نے کیا

    29 مناظر